ڈی آئی بی پاکستان کا حکیم ایزی فنانس سے اشتراک
شراکت داری کا مقصد پرسنل فنانس کے لیے شریعہ عمل کو ڈیجیٹل بنانا ہے
اسلام آباد، 26 فروری 2026: اسلامی بینکاری کے شعبے میں اہم پیش رفت کے طور پر ڈی آئی بی پاکستان نے حکیم ایزی فنانس بائی ولی فنانشل سروسز (WFS) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کرلی ہے، جس کا مقصد پرسنل فنانس پورٹ فولیو کے لیے شریعہ عمل کو ڈیجیٹل بنانا ہے۔ حال ہی میں منعقدہ معاہدے کی تقریب میں دونوں اداروں کی قیادت نے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے، جس کے تحت ڈبلیو ایف ایس کو ڈی آئی بی پاکستان کی پرسنل فنانس شریعہ آپریشنز کو روایتی طریقہ کار سے منظم اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ماڈل میں منتقل کرنے کے لیے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر شراکت دار مقرر کیا گیا۔
اس معاہدے کے ذریعے ڈی آئی بی پاکستان اپنے صارفین کو موثر، تیز رفتار اور منظم ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے کے قابل ہوجائے گا، جبکہ شریعہ کمپلائنٹ پرسنل فنانس کے شعبے میں اپنی قیادت کو مزید مستحکم بھی بنائے گا۔
یہ اقدام شریعہ ورک فلو کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں نافذ کرے گا، جس سے شفافیت میں نمایاں اضافہ ہوگا، دستاویزی عمل مزید منظم ہوگا اور ریئل ٹائم نگرانی کے ذریعے آپریشنز کو زیادہ موثر اور قابلِ اعتماد بنایا جاسکے گا۔
ڈی آئی بی پاکستان کے سی ای او محمد علی گل فراز نے کہا کہ یہ شراکت داری اسلامی فنانس میں منظم جدیدیت کی عکاسی کرتی ہے۔ سخت نگرانی کے حامل فریم ورک کے اندر ٹیکنالوجی کو مربوط کرتے ہوئے ہم گورننس کو مضبوط بنارہے ہیں، شفافیت کو فروغ دے رہے ہیں اور تجارتی بنیادوں پر مبنی مستند اصولوں کو مستحکم کر رہے ہیں۔
دبئی اسلامک بینک صنعت کا پہلا بینک ہے جو صارفین کو شریعہ کمپلائنٹ پرسنل فنانس اُس وقت فراہم کرتا ہے جب انہیں فوری مالی ضرورت درپیش ہو، جیسے طبی ہنگامی صورتحال، تعلیمی اخراجات، شادی بیاہ یا زندگی کے دیگر اہم مواقع۔
ڈی آئی بی نے اب تک 50,000 سے زائد صارفین کو کامیابی سے خدمات فراہم کی ہیں اور تقریباً 10 ارب روپے کی شریعہ کمپلائنٹ پرسنل فنانس سہولت فراہم کی ہیں۔ صارفین کو عین ضرورت کے وقت مالی وسائل تک رسائی یقینی بنائی گئی، وہ بھی بغیر مذہبی مالیاتی اصولوں پر سمجھوتہ کیے۔ یہ پیش رفت اخلاقی اور ذمہ دارانہ مالی معاونت کے ذریعے مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے کے حوالے سے ڈی آئی بی کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ڈبلیو ایف ایس کے سی ای او نوشاد منہاس نے کہا کہ یہ اشتراک اسلامی فن ٹیک بطور سروس (IFaaS) کی پختگی کو ظاہر کرتا ہے، جو اداروں کو مضبوط گورننس برقرار رکھتے ہوئے ڈیجیٹل درستگی اور قابلِ توسیع تعمیل سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گا۔
ڈی آئی بی پاکستان کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے صارفین کو تیز تر پراسیسنگ، آسان اور منظم دستاویزی عمل، لین دین میں شفافیت اور مربوط ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اعلیٰ معیار کی خدمات میسر آئیں گی۔ وسیع تر صنعت کے لیے یہ اقدام اسلامی پرسنل فنانس میں نیا ڈیجیٹل معیار قائم کرے گا، جو اس امر کا عملی ثبوت ہوگا کہ اصولی و مستند مالیاتی انفرا اسٹرکچر پر سمجھوتہ کیے بغیر ریگولیٹڈ مالیاتی ادارے اور فن ٹیک اختراع کار باہمی تعاون سے آپریشنز کو جدید بناسکتے ہیں۔
ختم شد۔
