بدھ کے روز پشاور میں برطانوی تعاون سے چلنے والے "سسٹینیبل انرجی اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ” یعنی سییڈ پروگرام کے کامیاب اختتام پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پروگرام کی مجموعی کامیابی اور مستقبل کے امکانات پر گفتگو ہوئی جبکہ مقامی شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہا گیا۔صوبائی وزیر برائے بلدیات انتخابات و دیہی ترقی ارشد ایوب خان مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے سییڈ پروگرام کی مقامی سطح پر اثرات اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر دیگر صوبائی وزراء، مختلف سرکاری حکام، جامعات کے نمائندے، سول سوسائٹی اور مختلف اداروں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی اور برطانوی تعاون کی جاری حمایت کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی نے بھی پروگرام کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران سییڈ پروگرام کے تحت جاری منصوبہ بندی، توانائی سے متعلق اقدامات اور معاشی ترقی کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کی گئی تاکہ مقامی سطح پر پائیدار نتائج کو بہتر بنایا جا سکے۔ شرکا نے اس نوعیت کے بین الاقوامی تعاون کو مقامی استعداد کار بڑھانے اور پائیدار ترقی کے راستے ہموار کرنے کے لیے ضروری قرار دیا۔ مستقبل میں اسی طرح کی شراکت داری کے ذریعے معاشی و توانائی کے شعبوں میں مزید بہتری کی توقع ظاہر کی گئی۔
