امن اور پائیدار ترقی کا راستہ سائنس و ٹیکنالوجی سے جڑا ہے، عامر صدیقی

newsdesk
3 Min Read
ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے سائنس اور ٹیکنالوجی کو امن و ترقی کی بنیاد قرار دیا۔

راولپنڈی — سماجی رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ دنیا کو بہتر، محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے علم اور سائنس کا درست استعمال ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق ترقی، امن اور پائیدار مستقبل کا بنیادی راز سائنس اور ٹیکنالوجی میں پوشیدہ ہے۔

سائنس کے عالمی دن برائے امن و ترقی کے حوالے سے اپنے بیان میں محمد عامر صدیقی نے کہا کہ ہر سال 10 نومبر کو یہ دن دنیا بھر میں اس مقصد کے تحت منایا جاتا ہے کہ معاشروں میں سائنسی شعور بیدار کیا جائے اور تحقیق کی اہمیت کو نمایاں کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خوشحالی، امن و سکون اور پائیدار مستقبل کے لیے سائنس ایک اہم ذریعہ ہے۔

عامر صدیقی کا کہنا تھا کہ سائنس کا عالمی دن پرامن اور پائیدار معاشروں کے قیام میں سائنس کے کردار کے بارے میں عوامی آگاہی کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ سائنسی ترقی کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ دنیا سائنسی ترقی کے ثمرات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امن اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ابھرتے ہوئے مسائل کے حل، پائیدار امن، ترقی اور سب کی بھلائی کے لیے سائنس کا کردار نہایت اہم ہے۔ ان کے مطابق معاشرے اسی وقت مضبوط اور خوشحال ہو سکتے ہیں جب تحقیق، علم اور ٹیکنالوجی کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔

محمد عامر صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم اپنی بقا اور سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ ان کے بقول دشمن نے پاکستان کو کمزور سمجھ کر آپریشن سندور کے نام سے حملہ کیا، جس کے جواب میں غیور افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے ایسی صلاحیت دکھائی کہ دنیا حیران رہ گئی۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور چند ہی گھنٹوں میں اسے دندان شکن شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو امن اور سائنس کے کردار کا واضح ثبوت ہے۔

Share This Article