مالی مستقبل کی مضبوطی کیلئے اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کا تعاون

newsdesk
2 Min Read

پاکستان کے مالی مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ 33ویں کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں دونوں اداروں نے ملکی معیشت اور مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

اجلاس کا بنیادی مقصد کیپٹل مارکیٹس کو حکومت کے لیے پائیدار مالی وسائل کے طور پر فروغ دینا تھا، تاکہ نجی شعبے کی مالی معاونت کو بہتر بنا کر مجموعی معاشی ترقی حاصل کی جا سکے۔ اس موقع پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے، قرضوں تک رسائی میں آسانی پیدا کرنے اور مالیاتی شعبے میں جدت لانے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے چیئرمین عاکف سعید نے کیپٹل مارکیٹ کے فروغ میں بینکوں کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ جدید مالیاتی انفرا اسٹرکچر سے معیشت کو نئی جہتیں ملیں گی۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے حکومت کے مالی وسائل میں تنوع لانے کے لیے کیپٹل مارکیٹس کے کردار پر زور دیا اور ایس ای سی پی کی کاوشوں کی تعریف کی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ایک مضبوط، جامع اور ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی نظام ہی ملکی معاشی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے ضروری ہے۔ دونوں اداروں نے مستقبل میں مل کر کام جاری رکھنے اور مالیاتی شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے