لاہور (کلچرل رپورٹر): برطانیہ میں مقیم پاکستانی پروڈیوسر صمد عارض نے اپنے نئے ڈرامہ سیریل ’’جدائی‘‘ کی عکس بندی کامیابی سے مکمل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق معروف پروڈیوسر صمد عارض کے تازہ ڈرامہ سیریل ’’جدائی‘‘ کی پروڈکشن مکمل ہوگئی ہے۔ یہ منصوبہ ایمبر لائن اسٹوڈیو لمیٹڈ کے اشتراک سے تیار کیا گیا، جبکہ اس کی عکس بندی اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف خوبصورت مقامات پر کی گئی۔
صمد عارض اس سے قبل بھی متعدد کامیاب پروڈکشنز سے وابستہ رہے ہیں اور بطور پروڈیوسر اپنی خدمات کے باعث نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ ڈرامہ سیریل ’’جدائی‘‘ کی کاسٹ میں جاوید شیخ، نیر اعجاز، فرقان قریشی اور آکاشہ گل جیسے معروف فنکار شامل ہیں، جبکہ دیگر باصلاحیت اداکار بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔
ڈرامہ پروڈکشن کے علاوہ صمد عارض موسیقی کے شعبے میں بھی کام کرچکے ہیں۔ انہوں نے ملکو، مظہر راہی، واجد علی بغدادی اور حمیرا ارشد سمیت معروف گلوکاروں کے ساتھ میوزک پراجیکٹس پروڈیوس کیے ہیں۔ ان میوزک منصوبوں میں کے اے بی جی پروڈکشنز نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صمد عارض نے کہا کہ ان کا مقصد بین الاقوامی معیار کے ڈرامے، فلمیں اور موسیقی کے مزید منصوبے تیار کرکے پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو عالمی ناظرین کے سامنے متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ’’جدائی‘‘ اپنی منفرد کہانی، اعلیٰ پروڈکشن معیار اور مضبوط کاسٹ کے باعث ناظرین کی بھرپور پذیرائی حاصل کرے گا اور پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک قابل قدر اضافہ ثابت ہوگا۔
