سینٹ پیٹرزبرگ: انٹرنیشنل یونائیٹڈ کلچرز فورم کا گیارہواں اجلاس منعقد
سینٹ پیٹرزبرگ میں 10 تا 13 ستمبر تک انٹرنیشنل یونائیٹڈ کلچرز فورم کا گیارہواں اجلاس ہوا جس میں دو ہزار سے زائد روسی ثقافتی اور فنونِ لطیفہ کے نمائندے، غیر ملکی ماہرین، بین الاقوامی ثقافتی تنظیموں کے سربراہان، کاروباری حلقوں کے نمائندے اور اعلیٰ سرکاری اہلکار شریک ہوئے۔ فورم کے دوران مختلف سیشنز، نمائشیں اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے۔
پلینری سیشن کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس بات پر زور دیا کہ ماسکو بین الاقوامی تعاون کے ثقافتی اور انسان دوست پہلوؤں کو اہمیت دیتا ہے اور روسی و غیر ملکی فنکاروں کے باہمی روابط کو فروغ دینے کا حامی ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے فورم میں شرکت کی اور وزرائے خارجہ و بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کی نشست سے خطاب کیا۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کے موضوع پر منعقدہ سیشن میں بھی اپنی آراء کا اظہار کیا۔
اورنگزیب خان کھچی نے خطاب میں روسی شعرا و ادیبوں بشمول پوشکن اور ٹالسٹائی کی پاکستان میں مقبولیت کا حوالہ دیا اور دونوں ممالک کے مابین ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی امید کا اظہار کیا۔
شرکاء نے فورم کے دوران متنوع ثقافتی پروگراموں سے محظوظ ہونے کے ساتھ سینٹ پیٹرزبرگ کے تاریخی مقامات، نمائشوں کا دورہ بھی کیا اور متعدد کنسرٹس میں شرکت کی۔ یہ سرگرمیاں شرکاء کو روس کی عظیم تاریخی اور ثقافتی وراثت سے براہِ راست روشناس کرانے کا سبب بنیں۔
