راولپنڈی میں انگلینڈ، سری لنکا ون ڈے کے دوران 6 ہزار اہلکار سکیورٹی پر مامور رہے

newsdesk
2 Min Read
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں انگلینڈ اور سری لنکا کے ون ڈے میچ کے دوران سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کیے گئے۔

راولپنڈی: راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ گزشتہ رات اختتام پذیر ہو گیا۔ میچ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی سی پی او حسن مشتاق سکھیرا، ایس ایس پی آپریشنز، سی ٹی او، ایس پی سکیورٹی، ڈویژنل ایس پیز اور دیگر سینئر افسران کرتے رہے۔

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تقریباً 6 ہزار افسران اور اہلکاروں نے سکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض انجام دیے۔ سٹیڈیم آنے والے شائقین کو واک تھرو گیٹس اور مکمل باڈی سرچنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سٹیڈیم اور اس کے گردونواح کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی، جبکہ روٹ اور سٹیڈیم کے اطراف چھتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات کیے گئے تھے۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے راولپنڈی میں ٹی ٹونٹی میچز اور ٹرائی نیشن سیریز کے میچز کے دوران بہترین سکیورٹی و ٹریفک ڈیوٹیز انجام دینے پر افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ایونٹ کے لیے ہر وقت فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے میں راولپنڈی سٹی اور ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کی انتھک محنت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کرکٹ شائقین اور ٹیموں کے لیے محفوظ اور پُرسہولت ماحول یقینی بنایا گیا۔

Share This Article