کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ 2025 کے امتحانات کے دوران مختلف امتحانی مراکز کا جامع معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول نمبر 4 لیاقت علی روڈ میں میتھ کے پرچے میں ایک امیدوار کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔امیدوار وقار حسین، رول نمبر 819304 کو امتحان کے دوران نقل کرتے ہوئے ضبط کیا گیا اور کنٹرولر امتحانات کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کیس درج کر کے ڈسپلن برانچ بورڈ آفس کو بھیج دیا گیا۔ اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے موقع پر ضروری پیچیدگیاں دور کرنے کی ہدایات جاری کیں۔دورے کے دوران کنٹرولر امتحانات نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن ایف بلاک کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں، داخلی و خارجی راستوں اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ امتحانی عمل کی شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔کنٹرولر امتحانات نے واضح کیا کہ حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت نقل و دھوکہ دہی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بوٹی مافیا کو ناکام بنانے کے لیے جارحانہ کارروائیاں جاری ہیں اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔بورڈ کی جانب سے امیدواروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ امتحانی قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور کونٹرو لر امتحانات کی نگرانی میں تمام مراکز پر شفافیت یقینی بنانے کے لیے مستقل معائنہ کیا جاتا رہے گا۔ ترجمان تعلیمی بورڈ ارسلان علی چیمہ نے بھی اس اقدام کی اطلاع دی اور یقین دلایا کہ ہر شکایت کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔
