رابعہ احسن کے قتل کی شفاف تحقیقات کی جائیں، نصراللہ رندھاوا

newsdesk
2 Min Read
نصراللہ رندھاوا نے رابعہ احسن کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن رابعہ احسن کے قتل پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو نہایت افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔

نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ ایک خاتون صحافی کا اپنے گھر میں قتل ہونا معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے اور یہ واقعہ خواتین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ قانون کی عملداری پر بھی سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات یقینی بنائی جائیں، تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے اور اس سنگین جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بااثر شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ خواتین کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے خواتین کے خلاف تشدد اور قتل جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

نصراللہ رندھاوا نے مرحومہ رابعہ احسن کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

Share This Article