انڈے کی غذائیت اور خوراکی تحفظ پر آگاہی، پولٹری انڈسٹری کے رہنماؤں اور 400 سے زائد طلباء کی شرکت
راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ورلڈ ایگ ڈے کی تقریب نہایت جوش و خروش سے منائی گئی۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کی، جبکہ پولٹری انڈسٹری کے ممتاز شخصیات اور مختلف کالجوں و یونیورسٹی کے 400 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام انسٹیٹیوٹ آف اینیمل سائنسز، ایس بی ایگز اور ڈبلیو پی ایس اے پاکستان نے مشترکہ طور پر کیا۔ پروگرام میں مقابلے، آگاہی واک اور ایک خصوصی سیمینار شامل تھے جن میں انڈے کی غذائیت، عوامی آگاہی اور متوازن خوراک کے فروغ پر روشنی ڈالی گئی۔
چیف گیسٹ میاں محمد اسلم (سی ای او ارسلان پولٹری) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈہ بچوں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے ایک مکمل غذا ہے جو جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات ملک میں غذائی قلت پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
مہمانِ خصوصی میاں سہیب جاوید (صدر ڈبلیو پی ایس اے پاکستان اور سی ای او جدید گروپ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈہ دنیا کی سب سے سستی اور مکمل پروٹین خوراک ہے، جو غذائی و غذائیتی تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
اختتامی کلمات میں ڈاکٹر ناصر مختار نے شرکاء، اساتذہ اور انڈسٹری پارٹنرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ورلڈ ایگ ڈے کی یہ تقریب یونیورسٹی کے طلباء اور فیکلٹی کی محنت اور جذبے کی بہترین عکاس ہے۔
