پمز میں ریٹائرڈ پروفیسر کی مسلسل توسیع پر سوال

4 Min Read
پمز کے نفسیات شعبے میں ریٹائرڈ پروفیسر کی متواتر توسیع پر تنازع، وزارت نے ۱۲ فروری ۲۰۲۶ کو وفاقی عوامی خدمات کمیشن سے مزید سال کی منظوری طلب کی

پمز میں ریٹائرڈ پروفیسر کی مسلسل توسیع پر تنازع شدت اختیار کرگیا

ندیم تنولی

اسلام آباد: پمز کے شعبہ نفسیات میں ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی مسلسل تیسری توسیع اور چوتھے سال کے لیے کنٹریکٹ میں توسیع کی درخواست پر شدید تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ اندرونی دستاویزات کے مطابق وزارتِ قومی صحت نے ان کے کنٹریکٹ میں مزید ایک سال کی توسیع کے لیے باضابطہ طور پر ایف پی ایس سی سے رجوع کیا ہے۔
مینسٹری نے 12 فروری 2026 کو ایف پی ایس سی کو ارسال کردہ خط میں ڈاکٹر رضوان تاج کے بطور پروفیسر نفسیات (بی ایس-20) کنٹریکٹ میں 5 جنوری 2026 سے مزید ایک سال کی توسیع کی منظوری طلب کی۔ ڈاکٹر تاج 2022 میں ریٹائر ہوئے تھے اور جنوری 2023 سے دو سالہ کنٹریکٹ پر تعینات ہوئے۔ انہیں 2023 سے 2025 تک پہلی توسیع، پھر 2025 سے جنوری 2026 تک دوسری توسیع ملی، اور اب تیسری مرتبہ مسلسل چوتھے سال کے لیے توسیع کی درخواست زیر غور ہے۔

وزارت کا مؤقف ہے کہ شعبہ میں کوئی سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسر دستیاب نہیں جو پروفیسر کی ذمہ داریاں سنبھال سکے، جبکہ اشتہار کے باوجود ایسوسی ایٹ پروفیسر کی آسامی پر تقرری نہیں ہوسکی۔ تاہم شعبہ کے بعض اندرونی ذرائع اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر حافظ سلطان سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز موجود ہیں، جبکہ ڈاکٹر شفقات نواز، ڈاکٹر تحریم نثار اور ڈاکٹر عامر نوید بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مزید برآں ایک نیا سینئر رجسٹرار جلد جوائن کرنے والا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ بار بار کنٹریکٹ میں توسیع میرٹ پر مبنی ترقیوں کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے اور شعبے کی پیشہ ورانہ ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام اختیارات کے ممکنہ غلط استعمال اور شفافیت کے فقدان کی نشاندہی کرتا ہے۔

دوسری جانب پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمران سکندر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کوئی امیدوار سپروائزر یا ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کے عہدے کے لیے اہل نہیں کیونکہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا لازمی سرٹیفکیٹ درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر حافظ سلطان کے خلاف اسٹیبلشمنٹ اینڈ ڈسپلنری قواعد کے تحت انکوائری جاری ہے، جبکہ ڈاکٹر تحرین نثار، ڈاکٹر عامر نوید اور ڈاکٹر تجمُل میڈیکل آفیسرز ہیں اور ڈاکٹر شفقات نواز سینئر رجسٹرار ہیں، جو کم از کم ایسوسی ایٹ پروفیسر یا پانچ سالہ تجربہ رکھنے والے اسسٹنٹ پروفیسر کی شرط پوری نہیں کرتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2023 کے آخر میں ایف پی ایس سی کو ریکوزیشن بھجوائی گئی تھی لیکن 1200 سے زائد خالی آسامیوں کے باعث شدید ہیومن ریسورس بحران ہے۔ ان کے مطابق قواعد میں نرمی دینے کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر رضوان تاج کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور صدر پی ایم ڈی سی اور پمز میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، او پی ڈیز، وارڈز اور ٹریننگ کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اس معاملے نے پمز میں گورننس، جانشینی کی منصوبہ بندی اور سرکاری بھرتیوں کے قواعد پر عملدرآمد سے متعلق اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ حتمی فیصلہ ایف پی ایس سی کی منظوری سے مشروط ہے۔

Read in English: PIMS Faces Growing Controversy Over Repeated Contract Extension Requests for Retired Psychiatry Professor

Copied From: https://minutemirror.com.pk/pims-faces-controversy-over-psychiatry-professors-contract-508274/

Share This Article
ندیم تنولی اسلام آباد میں مقیم ایک صحافی ہیں جو پارلیمانی امور، موسمیاتی تبدیلی، گورننس کی شفافیت اور صحت عامہ کے مسائل پر گہرائی سے رپورٹنگ کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔
1 تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے