پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر سلمیٰ برکات نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی کا ایمان ہے کہ طاقت کا اصل ماخذ عوام ہیں اور عوام کی خدمت ہر دور میں ہمارا مشن رہا ہے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے لگائے ہوئے پودے کی ملک و قوم کیلئے کی گئی قربانیاں اور خدمات کو ملک و قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد قرار دیا۔سلمیٰ برکات نے قائدِ عوام اور محترمہ بینظیر بھٹو سمیت پارٹی قیادت کی ہر دور میں کی گئی قربانیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ عوام اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اسی جذبے کے تحت ہم صورتحال بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کے بعد سے پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے جبکہ بھارت پسپائی کا شکار نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وقار اور بین الاقوامی پذیرائی میں اضافہ خوش آئند ہے۔فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی مسلح افواج نے مختصر عرصے میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سلمیٰ برکات نے مسلح افواج کی قربانیوں کو لازوال قرار دیا اور کہا کہ ملک میں امن کیلئے ان کی خدمات ہر محب وطن شہری کے لیے قابلِ فخر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں اور پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط اور ذمہ دار ملک کے طور پر مقام بنا رہا ہے، جو کہ خوش آئند امر ہے۔
