انسانی حقوق کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف

newsdesk
6 Min Read
وزارتِ انسانی حقوق نے یو این ڈی پی اور یورپی یونین کے تعاون سے HRIMS کا اپ گریڈڈ ورژن متعارف کرا دیا۔

اسلام آباد، 11 نومبر 2026: وزارتِ انسانی حقوق نے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے، یورپی یونین کے مالی تعاون سے جاری حقوقِ پاکستان ٹو منصوبے کے تحت، ہیومن رائٹس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (HRIMS) کا اپ گریڈڈ ورژن باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا۔

یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پاکستان کو بین الاقوامی معاہدوں کے تحت اپنی رپورٹنگ ذمہ داریاں پوری کرنے، انسانی حقوق کی نگرانی کو مضبوط بنانے اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی میں مدد فراہم کرے گا۔

تقریب میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر نمائندوں، انسانی حقوق کمیشنز، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے محافظوں، بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں اور سفارتی مشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اس اجرا کو وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق سے ہماری وابستگی کا اصل پیمانہ صرف شواہد پر مبنی قوانین اور پالیسیوں میں نہیں، بلکہ ان کے مؤثر نفاذ اور لوگوں کی زندگیوں پر ان کے اثرات میں ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے یورپی یونین اور یو این ڈی پی پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی حقوق کے نظام کو مزید شفاف اور جوابدہ بنایا جائے گا۔

وزارتِ انسانی حقوق کے مطابق اس پلیٹ فارم کو ملک گیر ضروریات کے جامع جائزے اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ نئے نظام میں مضبوط ڈیجیٹل ڈھانچہ، یکساں ٹیمپلیٹس اور ڈیٹا جمع کرنے، سنبھالنے اور شیئر کرنے کے زیادہ منظم طریقہ کار شامل کیے گئے ہیں۔

ان بہتریوں کے ذریعے پاکستان کے ملکی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے وعدوں سے متعلق رپورٹنگ کو زیادہ یکساں بنانے اور اشاریوں کی بنیاد پر پیش رفت کو ٹریک کرنے میں مدد ملے گی۔

پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے ہیڈ آف پارٹنرشپس جیرون ولیمز نے HRIMS کو انسانی حقوق کے شعبے میں یورپی یونین اور پاکستان کے تعاون میں عملی پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق پر مستقل عمل درآمد کے لیے وقت کے ساتھ ہونے والی پیش رفت کی واضح سمجھ ضروری ہے۔ HRIMS کامیابیوں کی نشاندہی، ترجیحات کے تعین اور جی ایس پی پلس سمیت وعدوں پر عمل درآمد کے لیے ایک مفید بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوقِ پاکستان ٹو منصوبے کے ذریعے یورپی یونین پاکستان کی ان وعدوں کو قابلِ پیمائش اقدامات میں تبدیل کرنے میں مدد کر رہی ہے۔

سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق عبد الخالق شیخ نے بتایا کہ پاکستان اس پلیٹ فارم کو اپنی پیش رفت کے جائزے کے لیے استعمال کرے گا۔ ان کے مطابق HRIMS ڈیٹا کے انضمام، شواہد پر مبنی رپورٹنگ اور بین الاقوامی سفارشات پر مؤثر فالو اَپ کے ذریعے پاکستان کی بین الاقوامی انسانی حقوق رپورٹنگ ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل انسانی حقوق گورننس کی جانب اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔

بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے استفادہ کرتے ہوئے یہ اشاریوں پر مبنی پلیٹ فارم صحت، تعلیم، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انصاف سمیت مختلف شعبوں سے معلومات کو یکجا کرے گا۔ مقام، جنس، عمر اور معذوری سمیت مختلف بنیادوں پر ڈیٹا کی درجہ بندی کی سہولت اداروں کو لوگوں کے تجربات اور ضروریات کو زیادہ تفصیل سے سمجھنے میں مدد دے گی، جس سے پالیسی ردعمل وہاں مرکوز کیا جا سکے گا جہاں اس کی زیادہ ضرورت ہو۔

یو این ڈی پی پاکستان کے ریذیڈنٹ نمائندے ڈاکٹر سیموئل رزک نے پالیسی سازی میں اس نظام کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈیٹا پوائنٹ کے پیچھے ایک فرد، ایک خاندان یا ایک کمیونٹی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق HRIMS معلومات کو یکجا کر کے اداروں کو ایسے فیصلے کرنے میں مدد دے سکتا ہے جو لوگوں کی ضروریات کا جواب دیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی وزارت اور صوبائی لائن ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ مل کر اس کام کی رہنمائی کرنے والے شواہد کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اجرا کی تقریب کے دوران وزارتِ انسانی حقوق کی ڈپٹی ڈائریکٹر خولہ بتول نے پلیٹ فارم کی اہم خصوصیات کا عملی مظاہرہ کیا اور بتایا کہ ملک بھر سے حاصل ہونے والی معلومات انسانی حقوق کی پیش رفت کی ایک جامع تصویر بنانے میں کس طرح مدد دیں گی۔

Share This Article