لاہور 26 دسمبر، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ملک کی معاشی استحکام کے لیے برآمدات کی ترقی ناگزیر ہے اور حکومت برآمدات بڑھانے اور تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی منڈیوں تک رسائی بڑھانے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوگا اور معیشت مضبوط ہوگی۔وزیر نے واضح کیا کہ وہ تاجروں سے براہِ راست مسائل جاننے اور مل کر جامع لائحہ عمل طے کرنے آئے ہیں۔ اجلاس میں لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر فہیم الرحمن سہگل اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی اور تجارتی برادری نے حکومت کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت نے برآمدی شعبوں کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی ہیں، برآمدی کپاس پر ٹیکس میں کمی کی جا چکی ہے اور آئندہ مزید کمی کے اقدامات متوقع ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو کئی مواقع پر بڑے پیکجز دیے گئے، شرحِ سود میں کمی سمیت مالی مدد بھی فراہم کی گئی، تاہم برآمدات میں مطلوبہ اضافے کے لیے صنعت اور حکومت کو باہمی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔وزیر نے زرعی شعبے خصوصاً کاشتکاروں کے لیے بیجوں کے معیار پر خصوصی توجہ کا ذکر کیا اور اعلان کیا کہ کسانوں کو تصدیق شدہ بیج فراہم کیے جائیں گے۔ کھادوں کی قیمتیں یکساں رکھی گئی ہیں اور ان کی سپلائی بلا تعطل جاری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مقامی صنعت اور کسان کی مضبوطی سے ہی عالمی مقابلے میں معیار اور پیداوار میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے لائیو اسٹاک کو زرعی پیداوار کا بڑا حصہ قرار دیا اور کہا کہ اس شعبے کی کوالٹی بہتر بنا کر برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔ حلال خوراک کی عالمی منڈی کو نشانہ بناتے ہوئے گوشت، لائیو اسٹاک، چاول اور ایڈیبل آئٹمز کی برآمد بڑھانے کے منصوبے زیرِ غور ہیں۔ وزیر نے بتایا کہ ایران کو تین لاکھ ٹن چاول برآمد کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ افریقی اور دیگر ابھرتی ہوئی منڈیوں تک رسائی بڑھانے، زیتون اور فشریز کے شعبوں کو فروغ دینے اور سفارتی سطح پر برآمدات کے فروغ کے لیے بیرونِ ملک سفیروں کو ہدایت بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے غیر مقیم پاکستانیوں کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔رانا تنویر حسین نے حکومت کی پالیسیوں میں تسلسل اور معاشی استحکام پر زور دیا اور کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے سفارتی سطح پر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جن سے مستقبل میں برآمدات اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔
