اسلام آباد میں تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز پاکستان (ISSI) کی جانب سے ایک اہم گول میز مذاکرہ منعقد کیا گیا جس میں سینئر سفارتکاروں، ماہرین اور دانشوروں نے بھارت میں مودی حکومت کے تیسرے دور کا ایک سال مکمل ہونے کا جائزہ لیا۔ مقررین نے بھارت کی داخلی حکمرانی اور خارجہ پالیسی کے گرتے ہوئے معیار اور بڑھتے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کے تیسرے دور میں بھارت کو داخلی معاملات اور علاقائی تعلقات میں کئی نئے چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے باعث خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا خدشہ ہے۔ شرکاء نے بحث کے دوران اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ تعلقات میں ممکنہ غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں ہوشیار اور چوکنا رہنا چاہیے۔
اجلاس میں اس بات کی بھی بھرپور تاکید کی گئی کہ پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی کارروائیاں جاری رکھنی چاہئیں، اور سفارتی میدان میں مزید متحرک کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہو سکے۔
