خیبر پختونخوا بیس بال ایسوسی ایشن میں تبدیلی، ولی خان شنواری صدر منتخب

newsdesk
2 Min Read
پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں کے پی بیس بال ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

پشاور: خیبر پختونخوا بیس بال ایسوسی ایشن کی قیادت میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں خصوصی جنرل کونسل اجلاس میں ولی خان شنواری کو بلا مقابلہ نیا صدر اور محمد عاصم کو سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا بیس بال ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا خصوصی اجلاس پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ولی خان شنواری نے کی۔ اجلاس میں صوبے کے تمام ڈویژنز سے علاقائی بیس بال ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد چیئر نے ایجنڈا ہاؤس کے سامنے پیش کیا۔ اجلاس کے دوران سابق صدر ڈاکٹر نعمان الحق اور سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر جمال کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ طویل غور و خوض کے بعد اراکین نے بھاری اکثریت سے دونوں سابق عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کی باقاعدہ منظوری دی۔

عہدے خالی ہونے کے بعد نئے انتخابات کرائے گئے، جن میں جنرل کونسل کے تمام شرکا نے متفقہ طور پر ولی خان شنواری کو بلا مقابلہ صدر اور محمد عاصم کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔

انتخاب کے بعد جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر ولی خان شنواری نے اراکین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ہر حصے میں بیس بال کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے مستقبل قریب میں پشاور میں ایک بڑے صوبائی بیس بال چیمپئن شپ کے انعقاد کا بھی باقاعدہ اعلان کیا۔

Share This Article