اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اور وزارتِ صحت کی ویكٹر کنٹرول ٹیموں نے ہائی رسک علاقوں میں بھرپور ڈینگی سویپ مہم چلائی۔ اس مہم کے دوران تین دنوں میں 2,460 گھروں کا دورہ کیا گیا، جہاں ٹیموں نے گھر گھر جا کر سرویلنس، لاروا کی نشاندہی اور خاتمے، مچھر مار اسپرے، مریضوں کی تلاش، پانی کے ذخائر کا معائنہ، کھلے برتنوں کی صفائی، اسپاٹ چیکنگ، فوگنگ اور مقامی لوگوں میں آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا۔
اس جامع آپریشن کے نتیجے میں بھارہ کہو کے متاثرہ علاقوں میں ڈینگی کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی ٹیمیں پورے شہر میں مسلسل نگرانی اور کنٹرول سرگرمیوں کے ذریعے ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے جن میں پانی والے برتن، ٹینک، گملے، کولر اور فریج ٹرے کو روزانہ صاف کرنا، پوری آستین کے کپڑے پہننا، مچھر مار اسپرے اور لوشن کا استعمال، رات کے وقت مچھر دانی کا استعمال اور کھڑکیوں و دروازوں پر جالی لگوانا شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ ہر فرد کی ذمہ داری ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کر کے خود کو اور اپنے خاندان کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
