ایمرجنسی جمہوری مینڈیٹ کے احترام سے متصادم ہے، نصراللہ رندھاوا

newsdesk
2 Min Read
انجینئر نصراللہ رندھاوا نے سیاسی بحران کے حل کے لیے آئین کی بالادستی اور مذاکرات پر زور دیا۔

اسلام آباد (اردو اسلام آباد میل) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ لگانے والوں نے ایمرجنسی نافذ کرکے منتخب عوامی مینڈیٹ کی عزت کو پامال کیا ہے۔

نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی مسائل کا حل نہیں، ایسے اقدامات جمہوری عمل، عوامی نمائندگی اور صوبائی خودمختاری کے بارے میں سنگین سوالات پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاسی بحران شدت اختیار کر رہا ہے، اس صورتحال سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ ملک کو سیاسی عدم استحکام اور محاذ آرائی سے نکالنے کے لیے قومی مفاد میں اختلافات کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جائے۔ ان کے مطابق سیاسی بحرانوں کا حل غیر معمولی اقدامات یا عوامی نمائندگی کو محدود کرنے میں نہیں بلکہ آئین کی بالادستی، جمہوری عمل اور سیاسی مکالمے میں ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ نظریۂ پاکستان، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی قومی سیاست کی بنیاد ہونی چاہیے۔ تمام اداروں اور سیاسی قوتوں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ملک میں جمہوری استحکام، سیاسی ہم آہنگی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل مضبوط جمہوری اداروں، آئین کی پاسداری اور عوام کی رائے کے احترام سے وابستہ ہے۔

Share This Article