الیکٹرک بس سروس راولپنڈی کے شہریوں کے لیے اہم پیش رفت قرار

newsdesk
3 Min Read
محمد عامر صدیقی نے الیکٹرک بس سروس کو راولپنڈی کے شہریوں کے لیے اہم سفری سہولت قرار دیا۔

راولپنڈی: ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر اور سماجی رہنما محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ پائیدار، محفوظ اور کم خرچ ذرائع آمدورفت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، خصوصاً گنجان آبادیوں اور تیزی سے پھیلتے شہری علاقوں میں جدید سفری سہولیات ترقی اور بہتر شہری ماحول کی جانب اہم قدم ہیں۔

پائیدار سفری سہولیات کے عالمی دن کے حوالے سے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی، گیس، گلیوں، سڑکوں، نالوں اور فعال سیوریج سسٹم جیسی بنیادی سہولیات کے ساتھ جدید ٹرانسپورٹ بھی شہری زندگی کی ضرورت بن چکی ہے۔ ان کے مطابق حکومت پائیدار سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، جس کا واضح ثبوت راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے جدید الیکٹرک بس سروس کا آغاز ہے۔

محمد عامر صدیقی نے کہا کہ راولپنڈی کی بڑھتی ہوئی آبادیوں کے لیے جدید سفری سہولت کی فراہمی ناگزیر تھی۔ میٹرو کے بعد الیکٹرک بس سروس عوام کے لیے ایک سفری انقلاب کی حیثیت رکھتی ہے، جس سے لاکھوں افراد کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بس سروس کے آغاز سے قبل سڑکوں کی مرمت اور تعمیر اچھی بات ہے، تاہم سڑکوں کے ساتھ کنکریٹ نہ ڈالنے، نالوں کی مکمل صفائی نہ ہونے، اطراف سے مٹی اور جھاڑیاں نہ ہٹانے اور کھلے مین ہولز کو نہ ڈھانپنے جیسے معاملات مستقبل میں شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بسکٹ فیکٹری سے بنی اسٹاپ تک نالے کی بندش عوام کے لیے دردِ سر بنی ہوئی ہے۔

عامر صدیقی نے کہا کہ گنجان آبادیوں میں رہنے والے لاکھوں شہریوں کے لیے یہ سہولت ایک مثبت اقدام ہے، تاہم الیکٹرک بسوں کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے اور انہیں زیادہ فعال بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کے مطابق چونگی نمبر 22، دھمیال روڈ، کلمہ چوک، دھمیال روڈ، چکری روڈ اور ڈھوک سیداں جیسی بڑی آبادیوں کا نظر انداز ہونا افسوسناک امر تھا، ان علاقوں کو بھی جدید سفری سہولت فراہم کیا جانا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے طلبہ و طالبات، بزرگ، خواتین، بچے اور عام شہری مستفید ہو کر اپنے روزمرہ معاملات زیادہ آسانی سے انجام دے سکیں گے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔

Share This Article