لمز کی ٹیکنالوجی فار پیپل انیشیٹو (ٹی پی آئی) اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن (ایم او آئی ٹی) نے پاکستان میں ڈیجیٹل گورننس کو مضبوط بنانے اور شہریوں کے مرکز پر مبنی ایک محفوظ ڈیجیٹل پاکستان کے قیام کے لیے اشتراک کر لیا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد سرکاری ڈیجیٹل اثاثہ جات کی سائبر سکیورٹی، پالیسی میں جدت طرازی، ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی، عوامی شعبے کے انفراسٹرکچر، تحقیق اور مشاورتی خدمات، مصنوعات کی تیاری اور افرادی قوت کی تربیت کو فروغ دینا ہے، اور اس میں خواتین کی شمولیت اور ڈیجیٹل مہارتوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ایم او یو کی دستخطی تقریب میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون ایک جامع اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل پاکستان کی تعمیر کے لیے نہایت اہم ہے۔ وارد چانسلر ڈاکٹر علی چیمہ نے لمز کی اس عزم کی تصدیق کی کہ ادارہ ملک میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ جبکہ ٹی پی آئی کے ڈائریکٹر عثمان خان نے کہا کہ یہ اشتراک یونیورسٹی کی کثیر شعبہ جاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومت کے شفافیت، کارکردگی اور خوشحالی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔
دونوں اداروں کا یہ مشترکہ قدم ملک بھر میں سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت، کارکردگی اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں کو راہنمائی فراہم کرے گا اور مستقبل میں پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط کرے گا۔
