اقوام متحدہ خواتین پاکستان نے کوئیکا کے تعاون سے مردان میں ڈیجیٹل اسٹارٹ اپ راؤنڈٹیبل کا انعقاد کیا، جس کا مقصد خواتین کی ڈیجیٹل میدان میں پیش رفت اور جدت طرازی میں کردار کو اجاگر کرنا تھا۔ اس اجلاس میں سرکاری نمائندگان، پرائیویٹ سیکٹر کی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں، ٹیکنالوجی اکیڈیمیا، خواتین ایوان صنعت و تجارت مردان ڈویژن، ٹیک اسٹارٹ اپ ماہرین اور نوجوان خواتین کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
راؤنڈٹیبل میں خیبرپختونخوا کے سائنس ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈائریکٹوریٹ اور کے پی آئی ٹی بی کے حکام نے شرکت کی اور حکومتی سطح پر جاری اقدامات کو بیان کیا۔ نجی شعبے سے درشل مردان اور خواتین ایوان صنعت و تجارت مردان ڈویژن کے نمائندگان نے کاروباری مواقع اور چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ ویمن یونیورسٹی مردان اور عبدالولی خان یونیورسٹی مردان سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے تعلیمی اداروں کے کردار کو بیان کیا۔
اجلاس میں ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کے کردار اور نوجوان خواتین کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے تجربات کا تبادلہ کیا اور خواتین کے لیے ڈیجیٹل جدت میں مزید مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا، تاکہ مردان اور پورے پاکستان میں مستقبل کو زیادہ جامع اور مربوط بنایا جا سکے۔
