یومِ دفاع شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، ابو ہریرہ

newsdesk
2 Min Read
ابو ہریرہ نے یومِ دفاع کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو سلام پیش کیا۔

راولپنڈی: مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ناظم ابو ہریرہ نے 6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں ابو ہریرہ نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے، جب پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان نے اتحاد، عزم اور بہادری کے ساتھ ملک کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ابو ہریرہ کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل بالخصوص طلبہ کو قومی ہیروز کی قربانیوں اور ملکی تاریخ سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نوجوانوں کو تعلیم، کردار، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔

ناظم ضلع راولپنڈی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل باصلاحیت، باکردار اور محبِ وطن نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ ایم ایس او پاکستان نوجوانوں میں حب الوطنی، مثبت سوچ، تعلیمی شعور اور قومی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر ہم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے ہر پاکستانی اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔

Share This Article