تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ٹیکسلا میں قائم امتحانی مرکز کا معائنہ کیا اور مرکز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔معائنے کے دوران انہوں نے امتحانی قواعد و ضوابط، داخلہ کے عمل، کمرہ امتحان میں نگرانی اور طلبہ کی شناخت کے انتظامات کا بغور معائنہ کیا اور کہا کہ ہر ممکن انتظامات موثر انداز میں یقینی بنائے جائیں تاکہ امتحانی عمل میں شفافیت برقرار رہے۔کنٹرولر امتحانات نے واضح طور پر کہا کہ نقل مافیا کے خلاف سخت گیر حکمتِ عملی اختیار کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت پنجاب کی جاری کردہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا۔تنویر اصغر اعوان نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دیں تاکہ امتحانی عمل مثالی اور قابلِ بھروسہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عملے کی بیداری اور موثر نگرانی ہی نقل کے خطرات کو جڑ سے ختم کر سکتی ہے۔معائنے کے دوران کنٹرولر نے حفاظتی انتظامات مضبوط کرنے اور ہنگامی صورتحال کے لیے بروقت اقدامات کے نفاذ کی ہدایت بھی کی تاکہ کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کی صورت میں فوری طور پر کاروائی ممکن بنائی جا سکے۔تعلیمی بورڈ کے ترجمان ارسلان علی چیمہ نے بتایا کہ اس قسم کے معائنے معمول کا حصہ ہیں اور بورڈ امتحانی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھے گا۔
