مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے رہنماؤں نے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت، ملک، قوم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ان کی خدمات اور قربانیاں تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر علی عباسی، سابق رکن قومی اسمبلی ناہید خان، سینئر نائب صدور فیاض علی خان اور ایڈووکیٹ امجد بلوچ، جنرل سیکرٹری کنور زاہد، سابق رکن صوبائی اسمبلی ساجدہ میر، ابراہیم خان، فرح اسلم خان، حر بخاری، ملک مظہر، نوید صادق، رانا عثمان، ہاشم خان بابر اور دیگر رہنماؤں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے ذاتی سانحات اور کٹھن حالات کے باوجود سیاسی جدوجہد جاری رکھی اور جمہوریت کے ساتھ اپنی وابستگی پر ثابت قدم رہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے اپنے شوہر، سابق صدر و وزیراعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو، دونوں بیٹوں میر مرتضیٰ بھٹو اور میر شاہ نواز بھٹو، اور اپنی صاحبزادی سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ناقابلِ برداشت صدمات برداشت کیے۔ انہوں نے قید و بند اور ظلم و ستم کا سامنا بھی کیا، مگر حوصلہ نہ ہارا۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود بیگم نصرت بھٹو آخر دم تک اپنے ملک، قوم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ وفادار رہیں۔ ان کی جدوجہد، استقامت اور قربانیاں آج بھی پارٹی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 23 اکتوبر کو مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔ ان کی زندگی جدوجہد، قربانی اور ثابت قدمی کی روشن مثال ہے۔
رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت اور پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
