آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر صفدر ملک کی قیادت میں ایپسکا چکوال کے وفد نے ڈپٹی کمشنر چکوال محترمہ سارہ حیات سے طویل اور مفصل ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع میں تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں کی صورتحال، اسکولز میں معیارِ تعلیم اور آئندہ پروگراموں کے انعقاد پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ایپسکا چکوال نے اپنے حالیہ پروگراموں اور مقابلوں کی تفصیلات بھی ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیں۔ملاقات میں خاص طور پر تحصیل سطح پر منعقد ہونے والے "سپر سٹار آف چکوال” مقابلوں کے کامیاب انعقاد اور گرینڈ پرائز تقسیم کے انتظامات، نیز "مرحبا یا مصطفیٰ خاتم النبیین” کانفرنس کی یادگار اور ریکارڈ ساز کامیابی پر گفتگو ہوئی۔ محترمہ ڈپٹی کمشنر نے ایپسکا چکوال کی کارکردگی کو سراہا اور ان تقاریب کی منظم ترتیب اور وسیع شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا۔محترمہ سارہ حیات نے سکولز سے لیکر یونیورسٹی سطح تک اور خاص طور پر مدارس کے طلبہ و طالبات کی شرکت کو قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سماجی اور تعلیمی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ ایپسکا کے ان اداروں کی موجودگی بعض حوالوں سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اثر و رسوخ کی نمائندگی کرتی ہے، اور یہ ضلع میں تعلیمی معیار کو مزید اُبھارنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ملاقات کے اختتام پر صفدر ملک کی جانب سے میڈم ڈپٹی کمشنر کو خوبصورت شیلڈ پیش کی گئی اور میڈم نے ایپسکا ٹیم کے ساتھ خصوصی گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ میڈم ڈپٹی کمشنر نے ذاتی طور پر اپنے بچوں کی چکوال کے نجی اسکولوں میں تعلیم کا ذکر کرتے ہوئے ضلع کے نجی تعلیمی اداروں کے اعلیٰ معیار کی بھی تعریف کی۔دونوں فریقین نے ضلعی سطح پر تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں کے فروغ، اساتذہ اور طلبہ کی شمولیت اور آئندہ مشترکہ اقدامات پر مثبت پیش رفت جاری رکھنے پر رضامندی ظاہر کی۔ ایپسکا چکوال کی کوششیں ضلع بھر میں معیاری نجی تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں جاری رہنے کا عندیہ دیتی ہیں۔
