پارلیمنٹ ہاؤس میں قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور نو منتخب سینیٹر عابد شیر علی کے درمیان ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، ایوانِ بالا کے امور اور قانون سازی کے عمل پر مفصل تبادلۂ خیال کیا گیا۔قائم مقام صدر نے سینیٹر عابد شیر علی کو ایوانِ بالا میں حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد پیش کی اور انہیں منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے ایوان کی کارکردگی میں بہتری اور قانون سازی کے عمل میں قابلِ قدر مدد ملے گی۔ قائم مقام صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ سینیٹ عوامی مفاد میں مؤثر قانون سازی کے ذریعے جمہوری نظام کو مضبوط بنائے گا۔سینیٹر عابد شیر علی نے بھی سینیٹ کے امور کی بہتر انجام دہی کے لیے سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ایسی قانون سازی کی ضرورت ہے جو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے اور عوام کے معیارِ زندگی میں مثبت تبدیلی لائے۔عابد شیر علی نے قائم مقام صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملک و قوم کے مفاد میں مل کر کام کرنے کا عزم دہرایا۔ ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان اور سابق سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر بھی موجود تھے، جنہوں نے بھی پارلیمانی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے آئندہ قانون سازی اور ایوانِ بالا کے امور میں باہمی تعاون اور عوامی مفاد کو مقدم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جس سے سینیٹ کی کارکردگی اور قانون سازی کے معیار میں بہتری کے امکانات واضح ہوئے۔
