فلسطینی وائس چانسلرز کے ایک اعلی وفد نے او آئی سی اور کامسٹیک کے تعاون سے قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہیں جامعاتی سرگرمیوں، تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفد کو شعبہ مائیکروبیالوجی کے چیئرمین اور ڈائریکٹر شعبہ تحقیق و ترقی پروفیسر ڈاکٹر محمد اشتیاق علی نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات، تحقیقاتی سہولتوں اور عالمی درجہ بندی کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے وفد سے خطاب میں فلسطینی طلبہ و طالبات کے لیے ہر ممکن تعلیمی اور تحقیقی مدد کی یقین دہانی کرائی اور بتایا کہ یونیورسٹی میں مختلف شعبہ جات میں متعدد فلسطینی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں مزید اسکالرشپ دینے اور تعلیمی رکاوٹیں دور کرنے کا عزم ظاہر کیا تاکہ فلسطینی طلبہ اپنی تعلیم بلا تعطل مکمل کر سکیں۔وائس چانسلر نے خاص طور پر آئی ٹی، طب، حیاتیاتی، سماجی اور قدرتی علوم کے شعبوں میں فلسطینی جامعات کے ساتھ مشترکہ تحقیقی و تعلیمی منصوبوں کے فروغ کا اعلان کیا اور اس مقصد کے لیے شعبہ تحقیق و ترقی کے سربراہ کو رابطہ نقطہ کار مقرر کیا گیا تاکہ مشترکہ منصوبے جلد از جلد آغاز ہوں۔غزہ سے آئے وفد میں الاقصیٰ یونیورسٹی کے پروفیسر ایمن ایم ایف صوب، یونیورسٹی آف پیلسٹائن کے پروفیسر سلیم اے آئی صباح، غزہ یونیورسٹی کے پروفیسر ابراہیم اے ایم ابو رحمہ، اسلامک یونیورسٹی آف غزہ کے پروفیسر دیروس مصطفی، یونیورسٹی آف غزہ کے پروفیسر نوحہ اے ایم نجیم اور اسرا یونیورسٹی کی ڈاکٹر مونیہ کے آئی الجواد شامل تھے جنہوں نے یونیورسٹی کی مہمان نوازی اور تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا۔قائداعظم یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے ڈین نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات، ڈین بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عرفان ضیا، مختلف شعبہ جات کے سینئر اساتذہ، کامسٹیک کے رابطہ افسر اور کوآرڈینیٹر مرتضیٰ نور اور میڈیا کوآرڈینیٹر شھبیر حسین بھی برملا موجود رہے اور انہوں نے ادارہ جاتی سطح پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔شرکاء نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات علمی اور تحقیقی تعلقات کو مضبوط کر کے دونوں طرف کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی، جبکہ قائداعظم یونیورسٹی نے فلسطینی وائس چانسلرز کے ساتھ مستقل تعلیمی اور تحقیقی شراکت داری کو فروغ دینے کا عہد دہرایا۔
