جاپانی تجارتی وفد نے ایف پی سی سی آئی کا دورہ کیا جہاں صدر عاطف اکرام شیخ سے ملاقات ہوئی اور ملاقات میں رکن قومی اسمبلی و رہنما مسلم لیگ ن ذوالفقار علی بھٹی کے علاوہ مختلف شعبوں کے جاپانی کاروباری افراد شریک تھے۔ ملاقات میں کاروبار، سرمایہ کاری اور ملازمتوں کے فروغ پر کھل کر تبادلہ خیال ہوا۔جاپانی وفد میں ہوکائدو اسمبلی کے رکن یوجی کوباشی، معروف کمپنی سوزوکی کے نمائندے، معدنیات اور زیورات کے شعبے کے تاجروں سمیت دیگر صنعتوں سے وابستہ کاروباری افراد شامل تھے۔ وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ملکوں کی کاروباری برادریوں کو ان سنہری مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جاپانی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گا تاکہ سرمایہ کاری کے راستے ہموار ہوں۔ایف پی سی سی آئی کے صدر نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پاکستان سے ہزاروں ہنر مند افراد جاپان میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہ تبادلہ دونوں ملکوں کیلئے معاشی اور فنی فوائد کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے سوزوکی اور دیگر جاپانی کمپنیوں کی عالمی سطح پر مقام کو سراہا اور کہا کہ ایسی کمپنیوں کی شمولیت سرمایہ کاری کے لیے اعتماد پیدا کرتی ہے۔ذوالفقار علی بھٹی نے اس ملاقات میں کہا کہ جاپان اور پاکستان کے لوگ ایک دوسرے سے گہری محبت رکھتے ہیں اور حکومت تجارت میں اضافے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری کمیونٹیز کی جانب سے سہولت کارانہ کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ملاقات کے دوران یوجی کوباشی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان دنیا کے بڑے آبادی والے ممالک میں شمار ہوتے ہیں اور پاکستان کی چوبیس کروڑ آبادی میں نمایاں تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستانی نوجوان ہنر سیکھ کر جاپان میں بڑی تعداد میں ملازمتیں حاصل کر سکتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی نوجوان جاپان میں تربیت اور ٹیکنالوجی سیکھ کر واپس آ کر اپنے ملک کی خدمت کریں۔ وفد کے سربراہ نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں اور باہمی تعاون سے مواقع کو بڑھایا جا سکتا ہے۔
