قومی نصاب کونسل، مشاورتی ورکشاپ کا افتتاح

newsdesk
3 Min Read
قومی نصاب کونسل کی سربراہی میں اسلام آباد میں دو روزہ مشاورتی ورکشاپ منعقد ہوئی، نصاب اصلاحات، اساتذہ تربیت اور امتحانی نظام پر غور کیا گیا

قومی نصاب کونسل (NCC) کا نصابِ تعلیم میں اصلاحات کے حوالے سے مشاورتی ورکشاپ کا افتتاح — آئی بی سی سی، پی آئی ای، ایف بی آئی ایس ای، این آر کے این اے اور اے آئی او یو کے اشتراک سے انعقاد

اسلام آباد، 13 اکتوبر 2025: نیشنل کرکلم کونسل (این سی سی) نے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت (MoFE&PT) کے زیرِ اہتمام اور انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC)، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن (PIE)، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (AIOU)، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) اور نیشنل رحمت اللل عالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (NRKNA) کے اشتراک سے نصابِ تعلیم میں اصلاحات کے حوالے سے دو روزہ مشاورتی ورکشاپ کا آغاز کیا۔ یہ ورکشاپ این سی سی وِنگ، سیکٹر ایچ-9 اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

ورکشاپ میں پنجاب ایجوکیشنل ریفارمز اتھارٹی (PERA)، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE)، نیول ایجوکیشنل ڈائریکٹوریٹ، فوجی فاؤنڈیشن اور اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (OPF) سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندگان شریک ہیں جو قومی نصاب فریم ورک (2017) میں اصلاحات کے لیے سفارشات تیار کریں گے۔

افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر این سی سی ڈاکٹر تبسم ناز نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تمام شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "نصاب میں اصلاح ایک قومی ذمہ داری ہے جو تعاون اور شمولیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔”

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ "نصاب، تدریس اور امتحان کا باہمی ربط لازمی ہے، نصاب ایک زندہ دستاویز ہے اور ہمارا مقصد رٹہ سسٹم کے بجائے حقیقی سیکھنے کو فروغ دینا ہے۔”

تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکریٹری تعلیم جناب ندیم محبوب نے نصابی اصلاحات کے حوالے سے این سی سی کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ "میں این سی سی اور اس کے تمام پارٹنر اداروں کو اس اہم مکالمے کے آغاز پر مبارک باد دیتا ہوں۔ نصابی اصلاح ایک مسلسل عمل ہے جو طلبہ کی بدلتی تعلیمی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔”

ورکشاپ میں نصاب کے چھ اہم پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں کرکلم فریم ورک، اسکیم آف اسٹڈیز، لرننگ اسٹینڈرڈز، زبان و تعلیم، اساتذہ کی تربیت، اور امتحانی اصلاحات شامل ہیں۔ ورکشاپ کے شرکاء مستقبل کے لیے ایک ایسے نصاب کی سفارشات پیش کریں گے جو تنقیدی سوچ، شمولیت اور معیاری تعلیم کو فروغ دے۔

انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) ملک میں نصاب اور امتحانات میں اصلاحات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے تاکہ تعلیم کے معیار اور مساوات کو بہتر بنایا جا سکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے