راولپنڈی میں صمود فلوٹیلا کے حق میں بھرپور احتجاج

newsdesk
3 Min Read
راولپنڈی میں ایم ایس او پاکستان کے تحت صمود فلوٹیلا کے حق میں احتجاج، رضاکاروں کی گرفتاریوں اور ٹرمپ کے بیس نکاتی معاہدے کے خلاف طلبہ و شہریوں کا بھرپور مظاہرہ۔

راولپنڈی پریس کلب کے سامنے ایم ایس او پاکستان کے زیراہتمام طلبہ، سول سوسائٹی اور شہریوں نے صمود فلوٹیلا کے حق میں ایک وسیع احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت ناظمِ اعلیٰ ایم ایس او پاکستان ارسلان کیانی نے کی جبکہ بڑی تعداد میں شریک افراد نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے جذبات کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ صمود فلوٹیلا ایک پرامن انسانی قافلہ تھا جس کا مقصد غزہ کے مظلوم عوام تک ادویات اور بنیادی ضروریات پہنچانا تھا، مگر اس پر حملہ نہ صرف ظلم ہے بلکہ انسانی اقدار کی خلاف ورزی بھی ہے۔ خطاب کرنے والے افراد نے بتایا کہ فلوٹیلا میں شامل رضاکار مختلف ممالک سے آئے تھے اور ان کا واحد مقصد انسانی خدمت تھا، انہیں نشانہ بنا کر گرفتار کرنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔شرکاء نے ٹرمپ کے بیس نکاتی معاہدے کو اسرائیلی ایجنڈے کی تکمیل کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کی سازش ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ امت مسلمہ اس معاہدے کو قبول نہیں کرے گی اور اس کے خلاف عالمی سطح پر مزاحمت ضروری ہے۔تقریب میں یہ بھی کہا گیا کہ فلسطین کا مسئلہ محض علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ امت مسلمہ اور پوری انسانیت کا معاملہ ہے، اس لیے مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر آ کر عملی امدادی حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ ایم ایس او پاکستان سمیت شریک طلبہ نے عہد کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھیں گے اور مظلوموں کی آواز بنے رہیں گے۔مظاہرے کے دوران شرکاء نے پرجوش نعروں کے ذریعے یکجہتی کا اظہار کیا اور عالمی برادری کو باور کرایا کہ غاصبانہ پالیسیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ آخر میں ارسلان کیانی نے کہا کہ یہ احتجاج علامتی نہیں بلکہ ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے نوجوان مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ایم ایس او پاکستان فلسطینی عوام کی آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے