اسلام آباد (۲ اکتوبر ۲۰۲۵) پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی نومنتخب باڈی نے نیشنل پریس کلب پر ہونے والی پولیس گردی کو ایک سیاہ اور شرمناک کارنامہ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ نومنتخب صدر ایم بی سومرو، سیکرٹری جنرل نوید اکبر اور دیگر عہدیداران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں کا گھر ہے اور اس پر کسی قسم کا حملہ قبول نہیں کیا جائے گا۔نومنتخب باڈی نے واضح کیا کہ وہ نیشنل پریس کلب کے جانب سے جمعہ ۳ اکتوبر ۲۰۲۵ کو منائے جانے والے یومِ سیاہ کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ اسی سلسلے میں باڈی نے انتخابات میں کامیابی کی خوشیاں مؤخر رکھنے اور صحافیوں کے ساتھ یکساں اظہارِ یکجہتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس واقعے کے خلاف واضح پیغام دیا جا سکے۔پی آر اے نے اعلان کیا ہے کہ کل بروز جمعہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کے دوران پریس گیلری سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا جائے گا۔ اس اقدام کو نومنتخب باڈی نے پرامن مگر موثر احتجاج قرار دیا اور کہا کہ یہ قدم اس غیر جمہوری رویے کے خلاف ایک منظم اور مربوط جواب ہوگا۔نیشنل پریس کلب ہمارا گھر ہے، اس پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے اس اقدام کے خلاف صحافی برادری متحد ہے اور وہ اپنے بنیادی فرائض کی حفاظت کے لیے باہم کھڑی ہے۔ بیان میں واضح مطالبہ کیا گیا کہ ذمہ داران کے خلاف شفاف تفتیش کی جائے اور آئندہ صحافتی اداروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔نومنتخب باڈی نے تمام اراکین سے تاکید کی ہے کہ وہ کل پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کے دوران اپنی حاضری یقینی بنائیں تاکہ ایک مضبوط اجتماعی احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے اور صحافتی آزادی کے دفاع کے لیے یکجہتی کا عملی مظاہرہ ہو۔جاری کردہ جاوید حسین، سیکرٹری اطلاعات پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے بھی اراکین سے رابطہ برقرار رکھنے اور مظاہرے کے عملی نکات پر عمل درآمد کرنے کی درخواست کی ہے۔
