اسلام آباد کے ضلعی ہیلتھ آفس میں نیوٹریشن انٹرنیشنل اور پریمیئر ریسرچ (پرائم) کنسلٹنگ کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور وزارتِ قومی صحتِ عامہ، ضوابط و رابطہ کے نمائندوں نے اینٹی نیٹل کیئر (حمل سے قبل دیکھ بھال) اور ملٹی پل مائیکرونیوٹرینٹ سپلیمنٹس (MMS) کی سروس ڈیلیوری کا جامع جائزہ لیا تاکہ ماں اور نومولود کی صحت کے نتائج کو بہتر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں وزارتِ قومی صحتِ عامہ، ضوابط و رابطہ کے افسران، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، نیوٹریشن انٹرنیشنل اور پریمیئر ریسرچ کے سینئر نمائندے شریک تھے۔ شرکاء نے موجودہ این سی خدمات اور MMS فراہمی کے نظام کا تفصیلی تجزیہ کیا اور کمیابیوں کی نشاندہی کی۔

مباحثے میں بنیادی توجہ این سی خدمات کی رسائی، معیارِ خدمات، طبی عملے کی تربیت، سپلائی چین کے تسلسل اور ڈیٹا مینجمنٹ پر رہی۔ شرکاء نے بتایا کہ متعدد مراکز میں خدمات تک رسائی، سپلیمنٹس کی بروقت فراہمی اور ریکارڈنگ سسٹم میں بہتری کی ضرورت ہے تاکہ حاملہ خواتین کو مطلوبہ وقت پر معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں خدمات کی بہتری کے لیے مضبوط رابطہ کاری، عملے کی استعداد میں اضافہ، ٹریننگ ورکشاپس، سپلائی چین کی شفافیت اور ڈیٹا پر مبنی مانیٹرنگ کے نفاذ پر زور دیا گیا۔ کمیونٹی آؤٹ ریچ اور آگاہی مہمات کو بھی این سی اور MMS کوریج بڑھانے کے مؤثر راستے کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
شرکاء نے آئندہ مشاورتی نشستوں اور تکنیکی تعاون کے ذریعے عملی حکمتِ عملی تیار کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا تاکہ میدانِ عمل میں اصلاحات لا کر ماں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
