پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر خصوصاً چونا پتھر، کوئلہ اور پیٹرولیم مصنوعات کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ معاشی ترقی اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف برادر ملک بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں اور ایسے مشترکہ منصوبوں کی تلاش کے خواہشمند ہیں، جن سے دونوں ریاستوں کو فائدہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بالخصوص معدنیات کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور تکنیکی معلومات کے تبادلے کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں چونا پتھر، کوئلے اور پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت اور ان شعبوں میں تلاش کے لیے شراکت داری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ معلومات کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے مواقع سے ان شعبوں کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
ہائی کمشنر بنگلہ دیش نے پاکستان کی جانب سے اقتصادی و توانائی تعاون بڑھانے کی خواہش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی شراکت داری خطے میں استحکام اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو وسعت دینے میں بنگلہ دیش کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری اور توانائی و معدنیات کے شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
