راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے منیارٹی ونگ کے زیراہتمام جشن آزادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر کی اقلیتوں کے کردار اور ملک کی ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کی رکن طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبہ پنجاب تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور متعدد ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر پوری قوم یکجہتی کا مظاہرہ کررہی ہے اور اقلیتیں ہمیشہ پاکستان کی بقا، خودمختاری اور سلامتی کیلئے پیش پیش رہی ہیں۔
طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اقلیتوں کی فلاح کے لیے مینارٹی کارڈ اور دیگر ترقیاتی منصوبے متعارف کرائے ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کو مکمل مذہبی و سماجی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ملک ایک بار پھر ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔
تقریب میں سابق میئر راولپنڈی اور مسلم لیگ ن کے رہنما سردار نسیم نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی حمایت کرتی آئی ہے اور انہیں ملک کی ترقی کے عمل میں برابر کا شریک سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے بھائی ہیں اور میرے دروازے ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔
ڈپٹی کوارڈینیٹر کاشف یوسف نے کہا کہ آرمی چیف اور وزیراعظم کی قیادت میں پوری قوم متحد ہے اور سب ملک کی ترقی اور سالمیت کے لیے یکجا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر پھیلائی جانے والی افواہوں اور منفی پراپیگنڈے کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ قوم باشعور اور متحد ہے۔
تقریب کے آخر میں پاکستان کی سلامتی اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاکر تقریب کو پرجوش بنا دیا۔
