پاکستان کی آزادی اور اس کی اہمیت پر متولی اجمیر شریف کا پیغام

newsdesk
2 Min Read

پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر خواجہ دیوان سید عالی حبیب علی خان صاحب سجادہ نشین درگاہ معلیٰ اجمیری شریف نے پاکستانی عوام اور مسلم امہ کو وطن کی ترقی، آزادی کی قدر اور قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن فرمائے اور یہاں کے عوام کو مشکلات سے نجات عطا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ۱۴ اگست کا دن ہمیں آزادی کی نعمت اور پاکستان کی صورت میں آزاد ملک ملنے کی خوشی دلاتا ہے۔ یہ ملک ہمارے بزرگوں کی بے شمار قربانیوں اور دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اجداد، خاص طور پر حضرت دیوان سید عالی رسول علی خان رحمۃ اللہ علیہ نے آزادی پاکستان کی تحریک کے دوران ہندوستان بھر کے مشائخ و علمائے کرام کو یکجا کیا اور مسلمانوں کو قائد اعظم محمد علی جناح اور مسلم لیگ کی مکمل حمایت کے لیے آمادہ کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے اپنی جاگیر، مال ودولت اور سجادہ نشینی کو قربان کیا اور پاکستان کی سرزمین کو اپنی جائے سکونت بنایا۔

سجادہ نشین نے کہا کہ آزادی کی قدر ان قوموں سے پوچھیں جو آج بھی غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہیں، بالخصوص کشمیری اور فلسطینی مسلمان جو اب بھی اپنی آزادی کے لیے جانیں قربان کر رہے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ ان مظلوموں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے وطن سے محبت رکھنی چاہیے، اس کی خدمت کرنا ہمارا فرض ہے اور اس سے وفادار رہنا ہماری ذمہ داری ہے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور اسے دن دونی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے