سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں زرعی پیداوار اور دیہی دیہات میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے KOICA اور UNDP پاکستان کی شراکت داری سے ایک نیا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 2022 کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زرعی اراضی کی بحالی، زیر زمین پانی کے کنوؤں کی مرمت اور گھریلو پانی کی فراہمی کی جدید سہولیات نصب کی جائیں گی، جس سے مقامی لوگوں کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
منصوبے کی افتتاحی تقریب میں KOICA پاکستان آفس کے کنٹری ڈائریکٹر جی ہو یون، ڈپٹی ڈائریکٹر سودام بیک، UNDP پاکستان کے ریزیڈنٹ نمائندے سیموئل رزک، ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ وان نگوین، پاکستان کے ای اے ڈی کے ڈپٹی سیکریٹری محمد زبیر خان، اور حکومت سندھ کی اسسٹنٹ چیف نائلہ سرفراز بھٹی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی ہو یون نے کہا کہ اس منصوبے سے سندھ میں پانی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور زرعی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی فوری ضروریات پوری ہوں گی، جس سے مقامی لوگوں کو پائیدار ذریعہ معاش ملے گا۔ انہوں نے حکومت سندھ، اقتصادی امور ڈویژن اور UNDP پاکستان کے ساتھ شراکت داری اور تعاون کو سراہا۔
اسسٹنٹ چیف حکومت سندھ نائلہ سرفراز بھٹی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ KOICA اور UNDP کی مشترکہ کاوشوں سے سیلاب سے متاثرہ دیہات میں روزگار اور زندگی کی بنیادی سہولیات کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے منصوبے کے زمین پر کامیاب نفاذ کی خواہش کا اظہار کیا۔
KOICA پاکستان آفس نے اعادہ کیا کہ وہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے اور آفات سےمحفوظ کمیونٹیز کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
