50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کی اہمیت اور تیاری

newsdesk
2 Min Read

اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے ماہِ ربیع الاول میں 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس شایانِ شان انداز میں منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اجلاس میں کہا کہ اس سال وزارتِ مذہبی امور کو 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے، جس کی خاص اہمیت اس پہلو سے بھی ہے کہ OIC نے موجودہ ہجری سال کو حضرت محمد ﷺ کے 1500 ویں سالِ ولادت کی مناسبت سے "نبی الرحمہ” کے عنوان سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے ملک بھر میں ’’عشرہ رحمت للعالمین‘‘ کے تحت خصوصی تقریبات اور محافل سیرت و نعت منعقد کرنے کا بھی پروگرام ترتیب دیا ہے۔

امسال سیرت کانفرنس کا مرکزی موضوع "سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں” رکھا گیا ہے۔ اس موضوع پر مقالات اور تحقیقی کاموں کی حوصلہ افزائی کے لیے مقابلہ جات کا اعلان کئی ماہ پہلے کر دیا گیا تھا اور منتخب شدہ مضامین و کتب کے مصنفین کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ ان بہترین مقالہ جات کو کتابی شکل دے کر پالیسی ساز اداروں اور نئی نسل کی رہنمائی کے لیے محفوظ رکھا جائے گا۔

سردار محمد یوسف نے واضح کیا کہ وزارت مذہبی امور سیرت نگاروں اور مذہبی اسکالرز کی ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاءالرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ملک و بیرون ملک سے اہم مذہبی شخصیات اور اسکالرز شرکت کریں گے، جس سے نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرت نبوی ﷺ سے روشناس کرانے میں مدد ملے گی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے