نیشنل پولیس فاؤنڈیشن ایجوکیشن سسٹم کے تحت پولیس افسران کی فلاح و بہبود کے لیے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ ایک اہم تعلیمی ادارے کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے لیے معیاری تعلیم کو یقینی بنانا ہے۔
نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اور امریکن لائسٹیف اسکول سسٹم کے تعاون سے قائم کیے گئے اس پہلے کیمپس کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تدریسی اور انتظامی عملے سے خصوصی ملاقات کی اور اسکول کی مجموعی انتظامی صورتحال، درس و تدریس کے معیار اور دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سید علی ناصر رضوی نے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملے کو مفید تجاویز بھی پیش کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اپنے اہلکاروں اور ان کے بچوں کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات اور اعلیٰ تدریسی معیار سے پولیس افسران کے بچوں کی تعلیم و تربیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
