پنجاب زرعی انٹرن شپ پروگرام سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا نیا موقع

newsdesk
2 Min Read

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے زرعی گریجویٹس کے لیے شروع کیے گئے انٹرن شپ پروگرام کو زرعی شعبے کی بہتری اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ پروگرام نہ صرف نوجوان گریجویٹس کو عملی تجربہ فراہم کرے گا بلکہ انہیں مالی لحاظ سے بھی سہارا دے گا۔

ایک خصوصی اجلاس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس شعبہ کی ترقی ملک کی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت دو ہزار زرعی گریجویٹس کو ماہانہ ساٹھ ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ اس انٹرن شپ کے لیے بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچر اور بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچرل انجینئرنگ کے طلبہ و طالبات اہل ہوں گے جبکہ عمر کی حد پچیس سال مقرر کی گئی ہے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈویژن شاہد افتخار بخاری، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر طارق مختار، رجسٹرار محمد عقیل سلطان اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دلچسپی رکھنے والے طلبہ مکمل درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کروا سکتے ہیں جبکہ مزید معلومات اور فارم پنجاب ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ یا قریبی دفاتر سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اجلاس کے آخر میں پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان اور شاہد افتخار بخاری نے اس پروگرام کو پنجاب حکومت کا زبردست اور مثبت قدم قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف زرعی شعبہ مضبوط ہوگا بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے