اسلام آباد: کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ کا 22واں اجلاس بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ممبر ایڈمن اسفند یار بلوچ، ممبر اسٹیٹ محمد زمان وٹو، ممبر امپلیمنٹیشن اینڈ پلاننگ و ڈیولپمنٹ محمد عمیر اور ممبر ماحولیات عبداللہ خرم نیازی نے شرکت کی، جبکہ یونیورسٹی آف پنجاب کے وائس چانسلر اور سی ڈی اے بورڈ کے رکن پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے زوم لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ نے کیپٹل اسپتال کو جدید خطوط پر بحال کرنے کے لیے سی ڈی اے ہیلتھ فاؤنڈیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔ ہیلتھ فاؤنڈیشن کا انتظام بورڈ آف گورنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ذریعے چلایا جائے گا۔ ادارہ جاتی نجی پریکٹس سے متعلق امور کی نگرانی اور انتظام بھی ہیلتھ فاؤنڈیشن کے سپرد ہوگا۔ اسی تناظر میں کیپٹل اسپتال میں انسٹی ٹیوشن بیسڈ پرائیویٹ پریکٹس (آئی بی پی پی) کے باقاعدہ آغاز کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اقدام کا مقصد کیپٹل اسپتال کی آمدن میں مزید اضافہ کرنا اور اسے مالی طور پر خود کفیل بنانا ہے۔ نجی پریکٹس سے حاصل ہونے والی آمدن کیپٹل اسپتال کے آپریشنز اور خدمات میں مزید بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سی ڈی اے اسپتال میں ایمرجنسی، فائر سیفٹی اور فائر ہائیڈرنٹ سسٹمز کو مزید اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے زون فور میں زیر تعمیر اسلام آباد ایونیو کے بائی لاز تیار کرنے کے لیے ایک کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ یہ کمیٹی زیر تعمیر اسلام آباد ایونیو کے بائی لاز سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔
بورڈ نے سیکٹر ای-12/4 میں ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل یقینی بنانے کی منظوری بھی دی۔ اسی طرح سیکٹر ای-12/4 کی مین روڈ اور سروس روڈ سمیت مختلف پاکٹس میں ترقیاتی کاموں کی منظوری دی گئی۔
بعد ازاں اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ اسلام آباد کے رہائشی سیکٹرز میں پلاٹوں کی سب ڈویژن کے زیر التوا کیسز کو موجودہ پالیسی کے مطابق جلد نمٹایا جائے۔ اس حوالے سے سب ڈویژن ہیڈ کے تحت فیس کا جائزہ لینے اور سفارشات بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی اور وفاقی دارالحکومت کی ترقی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام فیصلوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی مجموعی ترقی، شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور شہر کی خوبصورتی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
