اسلام آباد: سفک کاؤنٹی، نیویارک، امریکا کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر (CTO) اور آئی ٹی کمشنر حسن احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حسن احمد نے اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران ان کی وزیراعظم، گورنر پنجاب اور وفاقی وزرا سے ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ، ڈیجیٹل اکانومی اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حسن احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ اگر انہیں مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا سائنس اور جدید آئی ٹی اسکلز میں مناسب تربیت فراہم کی جائے تو وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ سفک کاؤنٹی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ کمٹمنٹ نہیں کر سکتے، تاہم وہ اس مقصد کے لیے اپنا وقت لگانے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن حکام اور اداروں سے ان کی ملاقات ہوئی، ان کے ساتھ پاکستانی نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
حسن احمد نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے گورننس، تعلیم، صحت اور کاروبار کے شعبوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق پاک امریکا تعاون سے نہ صرف سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بھی مزید مستحکم ہوں گے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر حسن احمد نے نیشنل پریس کلب اور پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔
