مریم نواز بغیر اطلاع راولپنڈی کا دورہ کر کے عوامی مسائل سنیں، ظہیر اعوان

newsdesk
3 Min Read
پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے راولپنڈی کے شہری مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔

راولپنڈی: پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ راولپنڈی شہر کا اچانک اور خفیہ دورہ کریں، عام شہریوں سے براہ راست ملاقات کریں اور ان کے مسائل خود سنیں۔

ظہیر احمد اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو متعلقہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کا موقع پر جائزہ لینا چاہیے تاکہ شہریوں کو درپیش حقیقی مسائل سامنے آ سکیں۔ ان کے مطابق شہر کے چند فیصد حصے میں بیوٹیفکیشن کے منصوبے اور نمائشی سرگرمیاں پورے راولپنڈی کے مسائل کا حل نہیں ہو سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ اندرون شہر، گلی محلوں اور عام آبادیوں میں بنیادی سہولیات کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ ظہیر احمد اعوان کا کہنا تھا کہ کسی مریض کو عارضی طور پر میک اپ یا انجکشن سے کھڑا تو کیا جا سکتا ہے، لیکن اصل بیماری کی تشخیص اور مکمل علاج کے بغیر صحت یابی ممکن نہیں ہوتی۔ اسی طرح بنیادی مسائل حل کیے بغیر بیوٹیفکیشن کو حقیقی ترقی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

چیئرمین پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ نے سرکاری سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں، ڈسپنسریوں، صاف پانی، فلٹریشن پلانٹس، صفائی، سیوریج، پارکس، تجاوزات، غیرقانونی تعمیرات، مہنگائی، منافع خوری، ٹریفک، آوارہ کتوں اور نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن، واسا، آر ڈی اے، پی ایچ اے، ستھرا پنجاب، پولیس، پیرا فورس، محکمہ تعلیم، محکمہ مال اور صاف پانی اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا عوامی سطح پر جائزہ اور احتساب ناگزیر ہے۔

ظہیر احمد اعوان نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسی وفاقی وزیر، سینیٹر، ایم این اے، ایم پی اے، حکومتی نمائندے یا انتظامیہ کو پیشگی اطلاع دیے بغیر راولپنڈی کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں تاکہ نمائشی انتظامات کے بجائے شہری مسائل اور اداروں کی اصل کارکردگی سامنے آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے شہری نمائشی منصوبوں کے بجائے صاف ماحول، بہتر صحت، تعلیم، صاف پانی، مؤثر سیوریج، محفوظ سڑکیں اور جواب دہ انتظامیہ چاہتے ہیں۔

Share This Article