اسلام آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان اوورسیز فورم کے وائس چیئرمین غلام مصطفیٰ دیوان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں مخصوص نشستیں اور ووٹ کا حق دیا جائے، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک ہی چھت تلے سہولیات فراہم کی جائیں۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ دیوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور سالانہ چالیس ارب ڈالر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، مشکل حالات میں اپنے ہم وطنوں کی مدد کرتے ہیں، فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
غلام مصطفیٰ دیوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سفری دستاویزات، پاسپورٹ، نائیکوپ، قانونی امور اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے دوران مختلف مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ حکومت کو ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نائیکوپ کی مدت ختم ہونے کے بعد چھ ماہ تک سفری سہولیات برقرار رکھی جائیں، تاکہ معمولی دستاویزی مسائل کی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کو غیر ضروری پریشانی اور مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاحی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے بعض افراد اپنے ہم وطنوں کی مشکلات میں عملی طور پر ساتھ دیتے ہیں، خاص طور پر ایسے معاملات میں جب کسی کے قانونی کاغذات منسوخ ہو جائیں یا بیرون ملک انتقال کرنے والے پاکستانی کی میت وطن منتقل کرنی ہو۔ ان کے مطابق ایسے مواقع پر انفرادی سطح کی مدد متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوتی ہے۔
اس موقع پر عبدالرزاق نے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر اظہار خیال کی درخواست کی۔ یورپ کی نمائندگی کرنے والے چوہدری فیاض سے بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری اور پاکستان میں کاروبار سے متعلق تجربات بیان کرنے کو کہا گیا۔
چوہدری فیاض نے کہا کہ جب کوئی اوورسیز پاکستانی اپنے وطن میں سرمایہ کاری کرتا ہے تو اس کی توقع ہوتی ہے کہ اسے کاروبار کے لیے مناسب سہولتیں، حوصلہ افزائی اور ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں اس کی سرمایہ کاری محفوظ رہے اور کاروباری امور شفاف طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ چار سے پانچ سال قبل پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آئے تھے اور اب ملک میں ان کی چھ فرنچائزز قائم ہیں، تاہم سرمایہ کاری کے عمل میں بعض مشکلات سامنے آتی ہیں جن کے حل کی ضرورت ہے۔
کینیڈا میں مقیم ملک ابرار نے سفری مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بعض پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ، نائیکوپ اور دیگر سفری دستاویزات کی میعاد ختم ہونے یا تجدید میں تاخیر کے باعث مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے مثال دی کہ حال ہی میں ایک پاکستانی خاندان کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب خاتون کے پاکستانی پاسپورٹ کی میعاد سفر سے ایک روز قبل ختم ہو گئی۔ ایئرلائن نے سفر کی اجازت نہیں دی جس کے باعث ٹکٹ منسوخ کرنے، دوبارہ بکنگ اور اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے۔
مقررین نے تجویز دی کہ جن پاکستانی شہریوں کے نائیکوپ یا دیگر شناختی دستاویزات کی میعاد ختم ہونے میں چند ماہ باقی ہوں، انہیں مخصوص شرائط کے تحت سفری سہولت یا عارضی ریلیف دیا جائے، خصوصاً ایسے افراد کو جو پاکستانی شہریت یا پیدائشی تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے دستاویزی مسائل اوورسیز پاکستانیوں کے سفری منصوبوں اور مالی معاملات کو متاثر نہیں کرنے چاہئیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لیے مؤثر نظام ناگزیر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ سفارتی مشنز، متعلقہ اداروں اور آن لائن سہولتوں کے ذریعے شکایات کے فوری ازالے، سفری دستاویزات کی بروقت تجدید اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے اقدامات کرے۔
انہوں نے زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کیا جائے اور انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں تاکہ وہ مزید اعتماد کے ساتھ پاکستان کی ترقی، معاشی استحکام اور فلاحی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
