ڈاکٹر عادل سعید قریشی، ایبٹ آباد پبلک اسکول ایبٹ آباد
تلخیص: عہد حاضر کا سماجی اور تمدنی مسائل اور تقاضوں میں سے ایک نہایت اہم مسئلہ GEN Z اور GEN ALPHA کے ساتھ معاملات ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہر نئی نسل کے تقاضے اور مقاصد بدل جاتے ہیں اور میل جول اورلین دین کی سطح کے معیارات پر بھی فرق پڑتا ہے لیکن GEN Z اور GEN ALPHA کا معاملہ اس لحاظ سے مختلف ہو گیا ہے کہ ان کو جو زمانہ ملا ہے وہ سائنسی ترقی کے ساتھ ساتھ Artificial Intelligence بھی شامل ہے۔ ۔ اس مقالے میں سب سے پہلےان مسائل اور الجھنوں کو زیر بحث لایا گیا ہے جن کی وجہ سے اس زی اور الفا نسل کا انفراد ظاہر ہو۔ اگلے قدم پر ان روایتی رویوں کو مذکور کیا گیا کہ جن سے یہ نسل ساتذہ اور والدین کے سلوک سے بے زار اور برتاؤ سے باغی ہو رہی ہے اور تیسرے قدم پر اس سلوک اور اخلاقی نظام پر بات کی گئی جس کو بروئے کار لا کر ہم اس زی اور الفا نسل کی بہترین تربیت، نشوونما اور ان کی قابلیتوں اور اہلیتوں کو ان کے علم میں لا کر ان کی صلاحیتوں کو معاشرے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں ۔نیز اس حوالے سے بھی بحث موجود ہے کہ زی اور الفا نسل کو کیوں خصوصی توجہ اور دھیان کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ان کو کون سے خطرات اور چیلنج درپیش ہیں اور کیا وہ ان کا ادراک رکھتے ہیں اور اگر نہیں ایسا کیا کیا جائے کہ وہ ملک و قوم سے پہلے اپنے اور اپنے والدین و خاندان کے لیے مہذب فرد بن سکیں ۔معاشرے کے ایک فائدہ مندہ و فعال شہری بن جائیں۔
معاشی و سماجی سائنسدانوں نے موجودہ دور کے تقاضوں اور چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے اور اس حیوان ناطق کو مہذب اور فعال شہری بنائے رکھنے کے لیے جس آلے کا استعمال کیا وہ آلہ تعلیم ہے ،جس کی مدد سے کرہ ارض پر انسان نے ہمیشہ سے اپنی اوراپنی نسل کی سنوار اور اعلیٰ اخلاق کی ترسیل کویقینی بنایا ہے۔ تعلیم رسمی اور غیر رسمی دونوں حیثیتوں سے انسا ن کی اخلاق سازی اور ذہن سازی کاکام کرتی آرہی ہے۔ تعلیم کا بنیادی مقصد نوکری کبھی بھی نہیں رہا لیکن نوکری کی یقینی ضمانت تعلیم ہی رہی ہے۔ یہ بات مسلم ہے کہ تعلیم یک مقصدی عمل رہا ہے جس کا حقیقی مقصد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جس میں انسان اپنی منشا یا اپنے دین کے مطابق زندگی گزاریں اوراعلیٰ انسانی شرافتوں کو معاشرے میں قائم کریں ۔اسی مقصد کے لیے اللہ نے پیغمبروں کو بھیجا اوردیگر مصلح کاروں کی بھی ایک طویل فہرست ہمیں تاریخ میں ملتی ہے۔ الہامی صحائف و کتب اور کتابچوں اور زبانی اصلاح ناموں کے ساتھ آئے اورافراد نے اپنی اپنی قوم کو اعلیٰ اقدارو روایات سے آشنا کیا جس کے نتیجے میں انسانی نسل کی افزائش و بقا کے بعد جن معاشرتی حسنات نے مقبولیت پائی ان میں سچ ،امانت داری، عدل و انصاف، روا داری، لحاظ داری، مروت ، مہمان داری، دوست داری، خدمت، صلح جوئی، درگزر و عفو، خوش اخلاقی اور وسیع المشربی وغیرہ ہیں اور دوسری جانب چوری، شرابی نوشی، جوا، قتل و زنا،سود و جبر اور انسانی حقوق کی سلبی خود کشی جیسی قباحتوں کو مذموم قراردیا گیا۔جوں جوں انسانی فہم و فراست نے ارتقا پایا تو اس کا منطقی نتیجہ یہی نکلا کہ انسان نے اپنے معاشرتی نظام کو محکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ایسے اداروں کا قیام عمل میں لایا جن سے معاشرتی نظام کوقبولیت اور استحکام ملا اور انسانی بقا اور افزائش کے تسلسل یقینی بنا نیز انسان کا انسان سے رشتہ و تعلق مضبوط و محکم ہوا۔یاد رہے اس نظام کی فعالیت کے لیے انسان نے جزا اور سزا کو تعلیم کے بعد سب سے زیادہ موثر آلے کے طور پر اپنایا۔یوں انسانی رشتوں نے پائیداری پائی۔ قبائلی نظام میں ر سوم و رواجات سے غیر مشروط محبت اور اپنے تشخص کی حرص سے بھی انسان اپنے قومی اور علاقائی انفرادسے خود کو الگ کیا۔اس حوالے سے زبان بھی انفراد کا مستند و موقر حوالہ ہے۔اب یہاں یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ یہی وہی صورت ہے جن کے اختلاف سے انسان مختلف گروہوں یعنی قبیلوں اور نسلوں میں تقسیم ہو تاگیا لیکن انسانی شرافتیں ہر ہر معاشرے میں یکساں پروان چڑھیں اور ہم مزاج انسان نے ہم صورت معاشرتوں کی پرداخت منفرد صورتوں میں کی۔ یہ سلسلہ تاحال جاری ہے لیکن صنعتی انقلاب نے جس بدلاؤ کی نیو رکھی اس کا انجام آج اکیسویں صدی میں یوں ظاہر ہوا کہ ہمارے صحنوں اور اسکولوں میں ایک ایسی نسل پروان چڑھ رہی ہے جس کو ہم زی اور الفا نسل کا نام دے رہے ہیں ۔ یہ نام ان کو کسی لونی نسبت، لسانی شناخت، نسبی حوالے،علاقائی رشتے یا کسی اور حوالے سے نہیں مل رہا بلکہ یہ نام ان کو ملا ہے سوشل میڈیائی انسلاک، مصنوعی ذہانت اور اسکرین سے وابستگی کی سبب سے ملا ہے کہ وہ اپنے پچھلی دونوں موجود نسلوں یعنی ملینیئل اور نسل ایکس سے یک سر جدا اور آگے ہیں اور یہ دوری یا فاصلہ کسی بحث یا اندازے سے نہیں متعین ہوا بلکہ روزمرہ زندگی میں اس کی مثالیں ملتی ہیں اور پچھلی دونوں نسلیں بڑے فخر سے اعتراف بھی کرتی ہیں۔
اس پہلے کہ بحث کو مزید آگے بڑھایا جائے ہم اس حوالے یہاں نہایت اختصار GEN Z اور GEN ALPHA کا تعارف کرا دیتا ہوں کہ وہ نسل ہے جس کو اینائرڈ موبائل، کنڈل، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور ہر اسکرین نے دنیا سے دور کر دیا ہے۔ اِن کے لیے ہر چیز سافٹ میں منتقل کر دی گئی ہے اور کچھ چیزیں کی بھی جا رہی ہیں ۔یہ نسل گذشتہ صدی کی روایتی زندگی کے طور اطوار ( پیٹرن) سے دور ہو گئے ہیں اور ان کا تمدنی طریقے بھی بدل چلے ہیں ۔ ان کے دائیں بائیں جو لوگ موجود ہیں وہ گذشتہ نسل کے نمونوں کے عادی اور محب ہیں۔ اب ان کا جب اس نسل کے ساتھ میل ملاپ ہوتا ہے تو ان کو وہ پکے ٹھکے انداز و اطوار کہ جن کے وہ ایک مدت سے عادی ہیں ( وہ عادات جن کو وہ خود کے لے مستحسن جانتے تھے) اور وہی عادات و اطوار وہ اپنے ان بچوں میں بھی دیکھنا چاہتے تھے وہ نظر نہیں آتیں تو وہ سخت پریشان ہو کر متردد ہوجاتے ہیں ۔ متردد ہونا ، فکر مند ہو نا اور بچوں کے رویوں اور رہن سہن کے بدلاؤ پر رد عمل تک تو بات ٹھیک ہے لیکن ایسا ہوتا ہے کہ والدین گھروں میں اور اساتذہ جماعتوں میں اس بدلاؤ کو اس قدر توجہ اور دھیان نہیں دیتے اور اپنے رہن سہن اور اٹھنے بیٹھے کے انداز، بات چیت کے طریقوں اور ان معیارات کو پیش نظر رکھتے ہیں جن کو وہ اپنے والدین اور اپنے سااتذہ کے لیے روا رکھتے تھے تو وہ ایک ایسی ذہنی کیفیت اور غیر یقینی صورت حال کا شکار ہو جاتے ہیں کہ جیسے یہ ایک معمہ یا بجھارت ان کے سامنے آگئی ہو ۔اساتذہ اور والدین GEN Z اور GEN ALPHA کے غیر روایتی رویوں ، غیر روایتی طریقوں اور رشتوں سے غیر روایتی برتاؤ سے خفا ہو نے لگتے ہیں ، ماں باپ ، دادا دادی، چچا ماموں غرض سبھی الجھنے لگتے ہیں ۔یہ غصہ اور بے بسی کا احساس ان کو بچوں کے ساتھ طنز و تشنیع تک لے جاتا ہے۔ GEN Z اور GEN ALPHA کو تو سمجھ ہی نہیں آتی کہ یہ ہمارے متعلقین کیوں ہم سے اس قدر تنگ اور آوازار ہو رہے ہیں ۔ ہمارے یوں موبائل یا اسکرین ٹائم سے ان کا کیا لینا دینا ہے اور یہ بھی کہ اس اسکرین سے روشناس کرانے والی تو ہمارے ماں خود تھی کہ جب مہمانوں نے آنا ہوتا تھا تو وہ اپنا موبائل ہمارے ہاتھوں میں تھما، خود کچن میں چار چار گھنٹے گزار آتیں ۔ ہمارے ہاتھوں میں موبائل تھمانے والے تو ابا تھے کہ جو اپنے لیپ ٹاپ کو ہمارے دسترس سے بچانے کے لیے اپنا قیمتی موبائل ہمارے حواے کر کے خود گھنٹوں دفتر کا کام گھر ہی پر کرتے جاتے تھے۔ یہ میری پھپھی ہی تھیں کہ جب میری ماں کسی ماتم پر جاتیں تو وہ سارا دن اپنا موبائل ہمارے ہاترھوں میں دے کر مجھے کھیلنے دیتیں اور جب کبھی ہم بچے سو جاتے تو پھر موبائل کو چارج کر کے میرے دوبارہ اٹھنے پر میرے ہاتھوں میں تھما دیتی تھیں ۔ یہ ہماری اماں ہی تھیں کہ ہمیں کھانا کھلانے کے لیے کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ اور موبائل پر کارٹون لگا دیتی تھیں اور ہمیں کھانا بھی کھلا دیتی تھیں اور کڑوی کسیلی ادویہ بھی پلا دی جاتی تھیں ۔ اب ایسا کیا ہو گیا ہے کہ مجھے اور میرے اسکرین کے ساتھ یہ سب الجھ رہے ہیں ۔
دوسری طرف اساتذہ اپنی جماعتوں میں اپنی اپنی طبیعتوں ، مزاجوں ، تجربوں اور مشاہدوں اور توانائیوں اور تربیتوں کے ساتھ اس GEN Z اور GEN ALPHA کے ساتھ نبرد آزما ہیں ۔اب یہ فریقین ایک طرح کے غیر جنگیمحاذ پر دو بدو کھڑے ہیں ۔طبا اپنی غیر روایتی ذھانت اور فطانت کے ساتھ اساتذہ اپنے روایتی ہتھ کنڈوں اور نہایت فرسودہ رسمی طریقوں سے جماعتی تدریس میں مصروف ہیں ۔ طبا ان سے پڑھ رہے ہیں اورنہ سیکھ ہی پارہے ہیں ۔اساتذہ کا اصرار ہے کہ ہم نے انہی حکمت عملیوں سے سو فیصد بورڈ کے نتیجے حاصل کیے ہوئے ہیں اور ہمارے پاس دو تین عشروں کا تدریسی تجربہ اور تربیتی اسناد موجود ہیں ۔ بچے کہتے ہیں کہ ہمیں ریاضی کی تو سمجھ آہی جاتی ہے لیکن سر یا میم کی سمجھ نہیں آتی کہ وہ ہم سے نااں اور کلاس میں اس قدر غصے میں کیوں ہوتے ہیں ،وہ ہامرے ساتھ روایتی لاڈو پیار بی نہیں نبھاتے ، وہ اس قدر سخت گیر کیوں ہیں اور ہمارے کوئی بھی بات ان کو خوش کرنے سے قاصر کیوں ہے؟ اب یہ ایسے سوال ہیں کہ جن کا جواب اساتذہ کے پاس تو نہیں لیکن تعلیمی نفسیات کے پاس ضرور ہے ۔ان سولات کے جوابات ڈھونڈنے میں جس قدر وقت لگے گا اس وقت تک ان بچوں پر کفر یا شرک کا فتویٰ لگ چکا ہو گا۔ استاد تو ایک مقدس گائے ہے اس کو تو صاحب کے علاوہ پکارا بھی نہیں جانا چاہیے ۔ میں بھی استاد صاحب کو یہی سمجھتا ہوں ۔ ہم ملینیئل تو استاد کو ایسی ہی جانتے اور مانتے آئے ہیں کیوں کہ ہم ‘خبر نامہ’ اور پی ٹی وی کے بیانیے کے لوگ تھے، ہم تو یہ نہیں جانتے تھے کہ اخبارات کے بھی سیاسی منشور ہوتے ہیں ۔ ہمیں تو یہ بھی علم نہیں تھا کہ استاد کا فرقہ، مسلک اور سیاسی جنبہ یا دھڑا بھی ہوتا ہے ۔ ایکس نسل کا بھی یہی حال تھا لیکن یہ GEN Z اور GEN ALPHA اخبار نہیں پڑھتی، کتاب سے دور ہے، خبریں نہیں سنتی لیکن ان کو پتا ہے کہ استاد اوتار نہیں ہوتا وہ بھی ایک انسان ہے اور اس کا بھی ایک مزاج اور مسلک اور سیاسی دھڑا ہے۔ یہ نسل استاد کی تشریح میں دی گئی مثال اور سیاسی اتار چڑھاؤ پر تبصروں سے جان جاتے ہیں کہ جناب کا مسلک کیا ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ یہ اپنے مسلک، اپنے نظریے اور سیاسی وابستگی پر استاد کے سامنے بھی تکیہ نہیں کرتے۔ GEN Z اور GEN ALPHA بظاہر تنہائی پسند دکھائی دیتے ہیں لیکن انھوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی اسکرین پر اپنی ایک دنیا بسا رکھی ہوتی ہے جہاں یہ اس مواد کو اسکرول کر دیتے ہیں جو ان کو ناپسند ہو ، جو ان کے خیالات کے منافی ہو ، جو ان کو نہ بھاتا ہو اور جو ان کو زچ کرے۔ اس قدر خود مختار نسل کو جب ایک روایتی استاد ” اشک آنکھوں میں کب نہیں آتا لہو آتا ہے جب نہیں آتا” پڑھائے گا اور یہ شعر اس کی تشریح ، تشریح میں دی گئی مثال، تشریح کے دوران پوچھا گیا سوال ، تشریح کی گپ شپ پسند ہی نہ آئے اور ان کے پاس اسکرول کا انتخاب بھی نہ ہو تو یہ لازماًیہ کلاس میں گڑ بڑ کریں گے، منمنائیں گے، ایک دوسرے کو کہنیاں ماریں گے، اشارے کنائے کریں گے اور اگلے دن ہوم ورک نہیں کر کے لائیں گے۔ ایک روایتی استاد صاحب یہاں سوٹی، تھپڑ، رپورٹ یا کلاس سے باہر نکال کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دے گا اور اصل مسئلہ وہیں چھوڑ پیریڈ کی گھنٹی کی آواز سن ،جماعت باہر چائے اور سگریٹ کے میلاپ سے پیدا ہونے والے لطف سے حظ اٹھائے گا اور ان بچوں کو راندہ در گاہ قرار دے کر واٹس ایپ پر مسیجز اور فیس بک پر کمنٹس پڑھنے کے ساتھ ساتھ GEN Z اور GEN ALPHA کو برا بھلا کہتے گھر لوٹ آئے گا اور گھر مین موجود اپنے بچوں کو مخاطب کرکے طعن و تشنیع شروع کر دے گا۔یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے کہ جس کو پڑھ کر کوئی عاقل و بالغ انسان ہنسے یا بحث کرے اور اپنی توہین جانے، بلکہ یہ تو ایک ایسا اہم مسئلہ ہے جس سے آج کا استاد اور استانی نبرد آزما ہے۔ یاد رہے اساتذہ اور والدین کی یہ فکر کہ اپنے طلبا اور بچوں کو کیسے اپنی ذات، قومیت، لسانی شناخت، دینی تعلیم ، اپنی تہذیبی اقدار، تمدنی روایات اور سماج کے ناتوں سے روشناس کیا جائے؟۔بہت قیمتی فکر اور لائق صد تحسین پریشانی ہے بلکہ ایک جواب طلب سوال ہے۔ ظاہر ہے اپنے طلبا اور بچوں کو یوں سوشل میڈیائی معلومات اور دیگر ایپس کی کمرشلائزڈ سرگرمیوں کے حوالے تو نہیں کیا جاسکتا۔ ہر معاشرے کا اپنا ایک مزاج ہوتا ہے اور اس مزاج کی بقا کی اہل معاشرہ لازمی جانتے ہیں ۔ معاشرہ صرف اکٹھے رہنے سہنے کا نام تو ہے نہیں لہذا نئی نسل کے خیالات و نظریات کی آبیاری کا فریضہ اساتذہ اور والدین ہی کے سر ہے۔ اس GEN Z اور GEN ALPHA میں پائی جانے والی ضد، ہٹ دھرمی، بغاوت ،پرائیویسی، منھ پھٹ ہونا، والدین سے بات چیت کے وقت آنکھ سے آنکھ کا نہ ملانا، روایتی فرمان برداری سے احتراز، حاضر دماغی اور حاضر جوابی، قوت فیصلہ (خواہ فیصلہ کتنا بڑا اور خطر ناک ہی کیوں نہ ہو) ، بلا کی خود اعتمادی، اپنی عمر سے بڑی حرکتیں ، غیرضروری معلومات کا عمر سے پہلے دستیاب ہونا،پاکستانی معاشرے کی بدلتی روایات اور شکست و ریخت سے دو چار رسمیں اور ریتیں اور ایسے میں یہ کم فہم، کم تجربہ اور کم لوگوں سے میل رکھنے والی نہایت فطین نسل کی سنبھال، تربیت، مشاورت اور رہ نمائی کی ذمہ داری بہر حال انہی دو مذکورہ اکائیوں کے سر ہے۔اس نسل نے تو کل صاف کہہ دینا ہے کہ ہم اساتذہ اور والدین کی ذمہ داری تھے جو ان سے نبھ نہ پائی ۔
اب ہوتا یہ ہے کہ یہ دونوں یعنی والدین اور اساتذہ کا اس GEN Z اور GEN ALPHA کے ساتھ میلاپ انتہائی کلیدی سطح پر ہوتا ہے اور وہاں یہ دونوں اکائیاں معاشرتی اور مذہبی لحاظ سے نہایت معتبر و طاقت ور ہیں کہ ان کو ہمارا اسلامی و مشرقی معاشرہ کلی اختیار اور غیر مشروط چھوٹ دیتا ہے، ایک جملہ جو کسی بھی ملینئیل کے لیے نامانوس نہیں ہو گا کہ "استاد جی ! اس بچے کی ہڈیاں ہماری (ماں باپ کی) اور چمڑی آپ کی۔” اس چھوٹ نے گذشتہ صدی میں بے بے بومرز(Baby Boomers) ایکس نسل اور ملنیئیل کے ہاں وہ گل کھلائے کہ الامان و الحفیظ۔ اب جب ملینینیل کے ہاتھ اختیار آیا انھوں نے اس سزا کے تصور کو دینی چھوٹ کے باوجود چیلنج کیا۔ یہ سزا کا بد ترین تصور مدارس کیا سرکاری اسکولوں میں ایک مدت تک رائج رہا اور پرائیویٹ اسکولوں کے آنے سے اس میں کچھ کمی یوں آئی کہ اب پاکستانی قانوں میں سزا کو مکمل طور پر روک دیا گیا ہے پھر بھی انفرادی سطح پر اور چھپ چھپا کے سلسلہ چل رہا ہے لیکن کمی بہر حال آئی ہے۔ اب جب اس قدر طاقت ور اور کھلی چھوٹ رکھنے والی تربیتی اکائیوں کو ان GEN Z اور GEN ALPHA کا سامنا کرنا ہو گا تو مسائل میں شدت تو ضرور پیدا ہوگی۔ "کھلاؤ سونے کا نوالہ اور دیکھو شیر کی آنکھ سے”یہ نصیحت باپ کو کی جاتی تھی اور ہم نے ایسے ہی باپوں سے سونے کے نوالے کھائے ہیں ۔ اب دیکھنا یہ بھی ہے کہ اس نسل زی اور نسل الفا کے سامنے آنے سے کیا کیا بدلاؤ آیا ہے۔ یہ بات سامنے ر ہے کہ جماعت میں Multiple Intelligence ہونے کی وجہ سے استاد کو پہلے سے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔ استادصاحبان یہ تبصرہ کرتے ہیں کہ اب کے جو نسل آ رہی ہے یہ ایک نمبر کی بد تمیز ، لابالی اور بد دماغ ہے ۔(کیوں کہ انھوں نے ہم اساتذہ کےروایتی رعب، طنطنے اور طمطراق کو چیلنج جو کر دیا ہے ۔ )PTM پر اساتذہ کی ایسی شکایتیں ہوتی ہیں جن کے ساتھ والدین اتفاق اس لیے کرتے ہیں کہ یہی نسل ان کے ساتھ گھر میں بھی تو ایسے ہی پیش آتی ہے جس سے ماں کا مان اور باپ کا برائے نام جلال اورعونت چیلنج ہو رہا ہے لہذا دونوں اس جنریشن کے خلاف یک زبان ہو جاتے ہیں ۔ GEN Z اور GEN ALPHA کی انفرادیت، ذھانت اور جرات کو یک سر نظر انداز کر دیتے ہیں جس کے سبب ان میں ضد، ہٹ دھرمی اور بغاوت جنم لیتی ہے جس کو مزید بڑھاوا اساتذہ کا نام بگاڑنے اورطنز ، ماں کے طعنے اور بد دعائیں اور باپ کااحسان گنوانا اور سخت گیری جلتی پر تیل ڈالتا ہے۔ اس سبب سے بھی یہ نسل تنہائی کا شکار ہو رہی ہے ۔یہ رشتوں سے دوری ہی میں اپنی عافیت جانتے ہیں اور رشتوں کی پاسداری کو وقت کا ضیاع جانتے ہیں۔ اس نسل کا جگت اور مذاق کا ذوق ہی بدل گیا ہے، یہ خود نہیں بلکہ ان کا ماحول اور ان کے متعلقین ان کو یہ احساس دلانے لگ جاتے ہیں کہ ان کا اس کرے سے تعلق ہی نہیں یہ کسی اور سیارے کی مخلوق ہیں کہ جن کی باتوں سے والدین اور اساتذہ دونوں نالاں ہیں اور یہ نسل بھی ان دونوں سے پناہ کی متلاشی ہیں ۔ GEN Z اور GEN ALPHA کی اساتذہ اور والدین کے ساتھ رویے میں روکھے پن اوربے گانگی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اساتذہ اور والدین ان بچوں سے ای میل آئی ڈیز بنواتے ہیں ، ایپس ڈاؤن لوڈ کراتے ہیں ۔ بینک کی ایپس اور نادرا کے فارم پر کراتے ہیں ، بینکنگ ایپس سے ایک اکاونٹ سے دوسرے اکاونٹ میں پیسے منتقل کراتے ہیں ، پاس ورڈ تبدیل کراتے اور طرح طرح کے ایسے کاموں کے لیے ان سے مدد لیتے ہیں تو پھر ان کا خیال بھی تو رکھنا پڑے گا اور اس مدد کے بعد وہ بچے خود کو لاشعوری اور نفیساتی طور پر آپ سے مختلف تو ضرور محسوس کریں گے۔ اس اختلاف سے بھی آپ کے اور ان کے بیچ ایک خلیج بن سکتی ہے اگر آپ نے خوش سلیقگی سے کام نہ لیا تو وہ آپ کو مسائل کا سمنا کرنا پڑے گا۔ یہاں یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہ GEN Z اور GEN ALPHA ہماری پہلی تمام نسلوں سے زیادہ منھ پھٹ ہیں ، یعنی سچ بولنے والے، جو من میں ہے وہ زبان پر ہے، کوئی ان کے جواب سے خفا خوش ہو تو ہو کیوں کہ وہ کسی کے سوال جواب سے خوش خفا نہیں ہوتے کیوں کہ ان کو کسی اور کی اس طرح سے پرواہ ہی نہیں ہوتی جیسے کہ ہم ملینیئیل کو ہوتی ہے جو ان کے باپ اور ماں ہوتے ہیں ۔ اس نسل کی خود اعتمادی اور ذھانت ہی وہ خوبی ہے جو ان کو اپنی موجودگی کا اظہار کرنے کا آلہ فراہم کرتی ہے۔ ان ہی دو خوبیوں سے یہ دوسروں کو لاجواب کر کے محظوظ ہوتے ہیں ، یہ باہم لاجواب پر ایک دوسرے کو داد دیتے ہیں اور زوردار قہقہہ لگاتے ہیں بالکل ایسی”Hahahahahahahahahahaah ” کیوں کہ یہ محفل کے بندے نہیں ہوتے۔ یہ عرف عام میں کم سوشل ، کم کم ملنے ملانے والے، اجنبیوں اور رشتے داروں کے سامنے کم گو اور اسکرین پر مکمل اور بھر پور کردار بھرنے والے یعنی Performer ہوتے ہیں ۔
اب سوال یہ پیدا ہوا کہ ان یعنی GEN Z اور GEN ALPHA سے کیا ربط و ضبط پیدا کیا جائے۔ کیسے اس نسل کو ان کے کل ، اپنے وقار اور قوم کے مستقبل کے لیے تیار کیا جائے۔ ایسا کیا کیا جائے کہ یہ بچے اس دھارے کا حصہ بن جائیں جو اس معاشرے کو دوام اور اپنی قوم کو شناختی بقا سے ہم کنار کرے چونکہ یہ ایک نہایت اہم مسئلہ اور چیلنج ہم اس کرے پر بسنے والی تمام اقوام اور معاشرتوں کو لاحق ہے لہذا یہاں ان مسائل کو حل کرنے سعی کرنے کے لیے چند تجاویز پیش نظر رہنی چاہئیں۔
- اسکرین کا بہترین نعم البدل فراہم کرنا ، والدین ، اساتذہ اور سوسائٹی کا فرض بنتا ہے۔
- GEN Z اور GEN ALPHA کو غیر محسوس طریقے سے ایسے کام سونپیں جن میں انھیں اسکرین پر ہی مختلف کام کرنا پڑیں ۔
- سوشل میڈیا سےمتعلق ان کو کوئی سوال دے دیں ، مثلاً ماں کہہ دے اس طرح کی کوئی جلد کی کریم تلاش کر دو، یا صلاح الدین ایوبی ، نورالدین زنگی، سلطان عثمان خان ترک کون تھے؟ یا کسی معاہدے، فٹ بال ورلڈ کپ کا تاریخ، اموی خلفا کے نام وغیرہ کہیں ایک ایسا مقام ضرور آئے گا جب بچہ خود بخود کسی ایسی مطالعہ والی سرگرمی میں شامل و شریک ہو جائے گا اور اسکرین کا بہترین مصرف شروع ہو جائے گا۔
- یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ کوئی کہانی تلاش کرکے سنا دیں، کوئی کہانی اے آئی سے لکھوا کر سنانے کا کام بھی اسے سونپا جا سکتا ہے۔
- پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ایک غنیمت ہے۔ اس دورانیئے میں ان بچوں کو اپنے ساتھ مصروف کیا جاسکتا ہے۔
- یہ بچے اپنے والدین وغیرہ کے ماضی سے خاصی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ پرانے فوٹوز چھے سات ماہ بعد نکال لینے چاہیئں اور ان کو مل دیکھنے لگ جائیں اور ساتھ ساتھ اپنےماضی ، اپنے گاؤں ، شہر ،کالج، یونی ورسٹی ، کاروبار، محنت، اپنے دور کی شادیوں ، بچوں والی کھیل کود، اپنے دور کے بالوں کے انداز ، کپڑوں اور کھاجوں، اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ بتائے وقت یا کچھ بھی ایسا اور پھر ان کو بتایا جائے کہ یہ یادیں کس قدر اہم ہیں ۔
- ان بچوں کے ساتھ باہر کا پروگرام بنائیں۔ اپنے شہر ،گاؤں میں گھوم آئیں ، کوئی عمارت، جگہ یا بازار ہی لے جائیں تاکہ وہ اس ہیپنائزڈ ماحول سے باہر نکلیں۔
- جو بچے ابھی دودھ پیتے ہیں، ان کو موبائل کا عادی نہ ہونے دیں ۔ پہلے بچوں کے عادی ہونے سے سبق سیکھیں۔
- خاندان کی اہمیت کا اجاگر کیا جانا اس GEN Z اور GEN ALPHA کے لیے نہایت ضروری ہے۔لہذا خاندان میں جو بھی کہیں بھی شادی بیاہ ، منگنی یا کوئی بھی تقریب ہو اس میں خود نہایت گرم جوشی سے شریک ہوں اور واپس آکر روایتی لوگوں کی طرح ان بچوں کے سامنے نندوں ، ممانیوں اور چاچیوں کی بد خواہیاں اور برائیا ں شروع نہ کر دیں ۔ اپنے بچوں کو بھی ساتھ لے جائیں اور ان کے ذمے کو نہ کوئی کام بھی لگائیں ۔یہ بچے جب ایسی کسی تقریب کے لیے جانے سے منع کریں تو ان کے ساتھ نہایت تحمل اور نرمی سے پیش آئیں اور اصرار کریں لیں لیکن ان کو زچ نہ کریں اور نہ ہی خود الجھیں اور بد دعائیں اور طعنے بالکل نہیں دینے۔ بار بار نرمی سے پیش آنے سے وہ بھلے بے دلی سے ہی سہی لیکن تیار ہو جائیں گے۔
- GEN Z اور GEN ALPHA کی باتوں کو اسی توجہ اور انہماک سے سنیں جس توجہ اور انہماک سے آپ چاہتے ہیں کہ وہ آپ کی بات سنا کریں ۔ یہ نسل بہت باریک اور عمیق مشاہدہ رکھتی ہے اور ان کے پاس فیصلہ لینے کی بے پناہ قوت موجود ہے اور ساتھ ہی یہ اپنے کیے ہوئے فیصلے کو دلیل سے واپس لینے پر کوئی شرمساری بھی محسوس نہیں کرتی لہذا ان سے روا روی میں بات نہ کریں اور ان کی بات کو بھی بغیر توجہ سے نہ سنیں ۔ یہ جو دیکھیں گے ویسا ہی کریں گے۔
- اس نسل کو یہ احساس دلا یا جائے کہ ہم ہیں مشتاق اور وہ ہیں بے زار، یعنی ان سے بہت شوق سے بات کریں گے تو یہ آپ کی طرف متوجہ ہوں گے۔
- والدین اور اساتذہ کے لیے نہایت ضروری ہے یہ دونوں اکائیاں GEN Z اور GEN ALPHA کواپنی مثبت موجودگی کا احساس دلائیں ۔ مثلاً
- جب یہ اسکرین پر مصروف ہوں تو ان کو سیب چھیل اور کاٹ کر دیں ، ان کے لیے چائے اور بسکٹ لائیں، ان کو انگور دھو کر دیں ، کیک کاٹ کر دیں ، ان کے ساتھ مسکراہٹ کے ساتھ پیش آئیں ۔
- ان کو کسی کام کا کہنے سے پہلے الٹیمیٹم دیں ، مثلاً جب فارغ ہو جاؤ تو پھر اس کمرے میں صفائی کر دینا۔ جب اٹھا جاؤ تو اپنے گندےکپڑے نکال دینا۔ وغیرہ
- GEN Z اور GEN ALPHA کا آپ کی طرف دیکھ کر بات نہ کرنا(Lack of eye contact) ایک معمولی بات ہے ، صرف نظر کیجیے۔
- GEN Z اور GEN ALPHA کا خفا ہونا، اداس ہونا، پریشان ہونا یا ان کا کسی بات کا آپ سے ذکر کرنا اور آپ کا ان کی ہنسی اڑانا ،ہمیشہ کے لیے ان کو آپ سے دور کر دے گا۔
- بحیثیت استاد آپ ان سے مذاق کیجیے ،لاڈ کیجیے اور روایتی سختی اور تند خوئی سے مکمل اجتناب کیجیے۔
- ان GEN Z اور GEN ALPHA کو وقت دیں ۔
- ان کے ساتھ گپ شپ کریں اور ان کو ملائمت و نرمی سے مخاطب کریں ۔ ان کی بات نہ کاٹیں کیوں پھر وہ بھی آپ کی بات کاٹیں گے۔
GEN Z اور GEN ALPHA ایک توانائی اور بے انداز قوت کا سر چشمہ ہے، اسکرین میں بند ہیں ، ان کو ہم نے یعنی والدین ، اساتذہ اور سوسائیٹی نے نہایت زیرکی، فہم، ہوشیاری اور کمال سمجھداری سے اپنے قابو میں رکھتے ہوئے پنپنے دینا ہے اور ان کے پرورش اور پرداخت میں حائل مسائل، ان کو لاحق خطرات اور درپیش چیلنجز میں ان کو کمک پہنچانی ہے اور ان کے دردوں کا درمان کرناہو گا۔ ان کو ان کے دور کے تقاضوں اور مطالبوں سے آگاہ کرنا ہوگا لیکن نرمی، تحمل، بردباری اور سمجھداری سے تا کہ یہ خود سے پہلے نسل کے فہم و عقل اور سلیقہ اور طریقہ سے سیکھ سکیں کیوں کہ اب انہی کے دور کا آغاز ہوا چاہتا ہے۔ ان کو ڈانٹ ڈپٹ نہیں ، لاڈو محبت سے، ان کو سخت سست کہنے سے نہیں ان کو شاباش دینے اور تعریف کرنے سے،گرم جوشی سے نہیں ہوش مندی سے، طنز سے نہیں اعتماد دے کر، وقت کے ضیاع کا واویلا مچا کر نہیں بلکہ وقت کے مزید بہتر استعمال کی صلاح دے کر، تھوڑی تھوڑی دیر بعد نہیں بار بار لیکن ہفتے میں ایک بار تاکہ وہ زچ نہ ہو ںاور آپ مایوس نہ ہوں ۔ GEN Z اور GEN ALPHA سے نئے الفاظ اور نئی جہت پر بات کریں ، ان کا خاص دھیان رکھیں ، ان پر اعتماد کریں، اچھائی اور برائی کی تمیز دیں لیکن صیغہ تعمیم میں ،ان کی مرضی پوچھیں اور اس کو اہمیت دیں ۔ انھیں اپنے انکار میں وقار سکھائیں ، غصے میں بردباری اور عزت نفس کی سیکھ اور اظہار کو یقینی بنائیں۔ ان سے سوال جواب کریں ، ان کو نماز کا کہیں ان کو ساتھ لے کر جمعہ پڑھنے لے جائیں ۔ کچھ خود بھی Unlearn کریں ۔ اپنے لہجے کا احتساب کیجیے۔ GEN Z اور GEN ALPHA ان کے ساتھ ہمارا فطری رشتہ ہے، ان کے ساتھ ہمارا انسانی ناتا ہے اور ان کے ساتھ ہمارا اولاد اور شاگردی کا تعلق بھی تو ہے ۔ اتنی گرہیں رشتوں کو مضبوط کریں گی نہ کمزور لہذا GEN Z اور GEN ALPHA کو جینے دیں اور ان کو فطری رفتار سے اسکرین اور سوشل میڈیا سے ہو کر حقیقی زندگی کی جانب لائیں تاکہ یہ جان سکیں کہ زندگی کا اصل حسن انسانی رشتے اور فطرت کے وہ انعامات ہیں جن کو ہم کیمرے کے آنکھ کے سوا دیکھتے ہیں ۔
یہ بات بھی اظہر من الشمس ہے کہ یہ نسل جہاں ہے وہاں بہت سیکھ اور سمجھ بھی رہی ہے لیکن ان کا کینوس مزید کھولنے کی ضرورت بہر حال موجود ہے۔ یہ جہاں ہیں وہاں یہ زبان دانی کی بنیادی چاروں مہارتیں سیکھ رہے ہیں ۔پاکستانی معاشرے کی اساسی ضرورت انگریزی زبان سے متعارف ہو رہے ہیں ۔ ان کے پاس معلومات کا قابل رشک ذخیرہ بہر حال موجود ہے۔ ان کے پاس بحث اور انداز بحث کا سلیقہ ہے۔ یہ سماجی اچھائیوں اور برائیوں کو بہترین انداز میں پہچان رہے ہیں ۔ انسان کی پہچان بھی ہے لیکن رشتوں کے بارے میں ان کا علم اور رحجان کم ہے۔ اکیلے پن اور تنہائی کا میلان ان کے ہاں زیادہ ہے لیکن یہ زندگی کی روح سے واقف ہیں ۔کنٹرول ماحول میں ہونے کی وجہ سے یہ نسل خاصی محفوظ ہے، آج کل جو ہمارے ہاں حالات بن رہے ہیں، ان قباحتوں سے محفوظ اور دور وہی ہے جو اپنے گھر کی چار دیواری میں ہے۔ کھیلوں کے میدان نہ ہونے اور کلبوں کے برے اور غیر صحت مندانہ ماحول سے دوری کو یہی اسکرین کا جوڑ یقینی بناتا ہے۔ GEN Z اور GEN ALPHA نسل کی تجزیاتی انداز فکر میں کمال مہارت حاصل ہے۔
المختصر زیادتی کسی بھی چیز کی اور کسی بھی چیز کی کمی انسان کو کم زور، محتاج و معذور بنا سکتی ہے اس لیے انسان اپنی نسل کی بقا اور اس کی افزائش کا ہمیشہ سے حریص رہا ہے۔ حد تو یہ دیکھیے کرونائی دنوں میں انسان نے مسجدوں کو نماز کے لیے بند کر دیا تا کہ انسان زندہ رہ سکیں ۔ GEN Z اور GEN ALPHA کا اساتذہ اور والدین کے ربط و ضبط اور میل ملاپ عہد حاضر کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس مسئلے کو بھی ہم حل کرلیں گے اور اپنی نسل کو اس دائرہ اثر سے بڑی آسانی سے نکال باہر لے آئیں گے اگر ہم نے نرم خوئی ، بردباری اور صبر و تحمل کے دامن کو ہاتھ سے نہ جانے دیا تو ورنہ خدا نہ کرے یہ نئی نسل تنہائی کی بھینٹ چڑھ جائے گی اور انسان اس کرے پردوسرے انسان کے ساتھ نہ جی پائے گا ۔ خاکم بہ دہن پھر اس معاشرتی نظام کی عمارت منہدم ہو جائے گی ۔انسان انسان کو ترس جائے گا کیوں کہ انسان ہی انسان کا سنگ اور دارو ہے۔
ڈاکٹر عادل سعید قریشی ماہر تعلیم، مختصر افسانہ نگار، کالم نگار، ادبی نقاد اور محقق ہیں۔ وہ اس وقت ایبٹ آباد پبلک اسکول اینڈ کالج ایبٹ آباد میں شعبہ اردو کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اپنے علمی مشاغل کے ساتھ ساتھ، وہ ایبٹ آباد سے شائع ہونے والے ہندکو ادبی میگزین لختان کے مدیر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے علاقے کی ادبی اور ثقافتی زندگی سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔
وہ چھ کتابوں کے مصنف ہیں، فکشن، ثقافتی مطالعہ، ادبی وظیفہ، اور علاقائی ادب۔ ان کے شائع شدہ کاموں میں مختصر کہانیوں کے دو مجموعے شامل ہیں، چاند روتا سورج اور فسانے افسانے؛ پاکستان اور پاکستانی ثقافت؛ کلیاتِ پرواز تربیلوی (مرتب کردہ)؛ صوفی عبدالرشید: احوال و آثار؛ اور ہواڑاں (ہندکو افسانے)۔ آنے والے مہینوں میں مزید چار کتابیں شائع ہونے والی ہیں۔
اپنی ادبی اور علمی خدمات کے علاوہ، ڈاکٹر قریشی ایک تجربہ کار ماسٹر ٹرینر اور کئی ممتاز ادبی معاشروں کے ایگزیکٹو ممبر ہیں۔ اس کا کام تعلیم، ادبی اظہار، تنقیدی تحقیقات، اور خطے کے لسانی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے مستقل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔
adelsaeedq@aps.edu.com (0321-9834855)
