کفایت شعاری محفوظ مستقبل کی بنیاد ہے، محمد عامر صدیقی

newsdesk
3 Min Read
محمد عامر صدیقی نے ورلڈ تھرفٹ ڈے پر بچت، بجٹ سازی اور مالی خواندگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔

راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صدر ترقی پسند فلاحی تنظیم محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ سمجھدار افراد مشکل وقت کے لیے ہمیشہ کچھ نہ کچھ محفوظ رکھتے ہیں، اسی شعور کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں 31 اکتوبر کو بچت کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

ورلڈ تھرفٹ ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر صدیقی نے کہا کہ بچپن سے یہ بات سنائی جاتی رہی ہے کہ فضول خرچ شیطان کا بھائی ہوتا ہے، اور فضول خرچی سے قارون کا خزانہ بھی ختم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے بھی اسراف اور غیر ضروری اخراجات سے بچنے کی واضح ترغیب دی ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ فضول خرچی سے مال ضائع نہ کرو، بے شک اللہ اسراف کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔

محمد عامر صدیقی کے مطابق یہ دن کفایت شعاری کی حوصلہ افزائی کے لیے شروع کیا گیا، جسے عالمی یومِ بچت بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ تھرفٹ ڈے کا بنیادی مقصد لوگوں کو اپنے مستقبل کے لیے رقم محفوظ کرنے کی ترغیب دینا اور مالی خواندگی کو فروغ دینا ہے۔ حالیہ برسوں میں اس دن کو قرض کے بہتر انتظام اور بروقت ادائیگی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا ایک مؤثر طریقہ یہ ہے کہ بچوں کو پیسہ بچانے کی اہمیت سمجھائی جائے۔ ہر لحاظ سے ورلڈ تھرفٹ ڈے مالی اہداف کی جانب قدم بڑھانے کا مناسب موقع ہے۔ محمد عامر صدیقی نے کہا کہ بچت اکاؤنٹ کھولنا، موجودہ اکاؤنٹ میں رقم بڑھانا، دوسروں کو بچت شروع کرنے کی ترغیب دینا اور سوشل میڈیا کے ذریعے شعور اجاگر کرنا اس دن کو منانے کے اہم طریقے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی سینٹرز اور اسکولوں میں بچوں اور نوجوانوں کو مالی خواندگی سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔ بجٹ بنانا اور اس پر قائم رہنا نہایت اہم ہے۔ ہر شخص کو اپنی آمدنی اور باقاعدہ اخراجات کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ بچت کے لیے بجٹ میں گنجائش پیدا کی جا سکے۔

محمد عامر صدیقی نے کہا کہ قرض وقار کے منافی ہیں، جبکہ سادگی غیور لوگوں کا شیوہ ہے۔ آج کی بچت ہی کل کو بہتر بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیسہ بچانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انسان اپنی آمدنی سے کم خرچ کرے، سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف بچت اسکیموں یا اداروں کے بارے میں معلومات حاصل کرے اور محفوظ ترین جگہ پر سرمایہ کاری کرے۔

Share This Article