راولپنڈی — کینیڈا کی معروف ڈلہوزی یونیورسٹی نے پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کو ’’پروفیسر ایمیریٹس‘‘ کے باوقار اعزازی علمی خطاب سے نواز دیا ہے۔ اس اعلیٰ تعلیمی اعزاز پر تقرری کا اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہوگا۔
پی ایم اے ایس۔اے اے یو آر کے ترجمان ڈاکٹر ندیم احمد ملک کے مطابق یہ اعزاز جامعہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے بھی باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈلہوزی یونیورسٹی کی جانب سے یہ فیصلہ ڈاکٹر قمر الزمان کی کئی دہائیوں پر محیط سائنسی تحقیق، تدریسی مہارت اور زرعی علوم میں اختراعی خدمات کا عالمی اعتراف ہے۔
ڈاکٹر ندیم احمد ملک نے کہا کہ اس تاریخی پیش رفت سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلیمی و تحقیقی روابط مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ مشترکہ سائنسی منصوبوں اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ ان کے مطابق اس نوعیت کی بین الاقوامی پذیرائی ملک کی علمی برادری اور ابھرتے ہوئے نوجوان محققین کے لیے حوصلہ افزائی کا اہم ذریعہ ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان زرعی میکانائزیشن، پریسیژن ایگریکلچر اور سمارٹ فارمنگ سسٹمز میں اپنی نمایاں خدمات کے باعث عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں۔ ملکی اور بین الاقوامی تعلیمی و تحقیقی حلقوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعزاز کو پاکستانی سائنس دانوں کی ساکھ اور عالمی مقام کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔
