ستمبر میں موٹروے پولیس کی کارکردگی رپورٹ جاری، لاکھوں شہریوں کو رہنمائی و امداد فراہم

newsdesk
2 Min Read
موٹروے پولیس نے ستمبر 2026 میں عوامی خدمت، روڈ سیفٹی اور قانون کے نفاذ سے متعلق کارکردگی رپورٹ جاری کی۔

اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ماہِ ستمبر 2026 کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں عوامی خدمت، روڈ سیفٹی اور قانون کے نفاذ کے حوالے سے نمایاں اقدامات کی تفصیلات دی گئی ہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ستمبر کے دوران ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد مسافروں کو دورانِ سفر بروقت مدد فراہم کی گئی۔ اسی عرصے میں 16 لاکھ 93 ہزار روپے مالیت کے گمشدہ سونے کے زیورات اصل مالکان کے حوالے کیے گئے، جبکہ 29 لاکھ 53 ہزار روپے مالیت کے گمشدہ موبائل فونز بھی مالکان کو واپس کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں روڈ سیفٹی سے متعلق 252 آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ٹول پلازوں پر 27 لاکھ 29 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ سفر اور روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ستمبر میں 33 گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ قومی شاہراہوں پر 18 مجرمانہ وارداتیں ناکام بنائی گئیں، جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران 20 ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا گیا۔

موٹروے پولیس کے مطابق کارروائیوں میں 7 چوری شدہ گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔ منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 148 کلوگرام چرس اور 155 کلوگرام افیون برآمد کی گئی، جبکہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ محفوظ سفر، بروقت امداد اور قانون کی عملداری ادارے کی اولین ترجیحات ہیں۔ موٹروے پولیس عوامی خدمت اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

Share This Article