پمز ایمرجنسی بلاک کو جلد فعال کرنے کے لیے کام تیز کرنے کی ہدایت

newsdesk
2 Min Read
پمز اوور سائٹ کمیٹی کے وفد نے نئے ایمرجنسی بلاک کے جاری کاموں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

اسلام آباد، 15 اکتوبر 2026: وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں پمز اوور سائٹ کمیٹی کے وفد نے جنرل ڈاکٹر اظہر کیانی کی قیادت میں پمز کے نئے ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا، جہاں جاری کاموں اور بلاک کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

دورے کے دوران سول ورک کی پیش رفت، ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر ضروری عملے کی بھرتی سمیت انتظامی اور عملی تقاضوں پر غور کیا گیا۔ جنرل ڈاکٹر اظہر کیانی نے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کی تکمیل اور عملے کی بھرتی کے عمل میں تیزی لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر زیر التوا امور بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ نئے ایمرجنسی بلاک میں مریضوں کو جلد طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ متعلقہ شعبوں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے اور ضروری کام مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔

دورے اور اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق، پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈیئر عظمت حیات، پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین، ڈاکٹر ارم نوید، سینئر فیکلٹی اراکین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر ساجد رفیق عباسی، ترجمان پمز، کے مطابق نئے ایمرجنسی بلاک کو فعال بنانے کے لیے تمام متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا اور کاموں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Share This Article