لاہور (نمائندہ خصوصی) جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین کی پابندی، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور شہریوں میں ٹریفک شعور کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں ایجوکیشن پروگرام انچارج فہمیدہ ذیشان، ایجوکیشن آفیسر فیصل محمود اور ایجوکیشن آفیسر محسن عباس وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں، ٹریفک نظم و ضبط اور عوامی سطح پر موثر آگاہی پروگرامز کی ضرورت پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے روڈ سیفٹی سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ تعلیمی اداروں، عوامی مقامات اور زندگی کے مختلف شعبوں میں ٹریفک آگاہی کو محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے متعلق عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ٹریفک قوانین پر عمل درآمد حادثات میں کمی، انسانی جانوں کے تحفظ اور معاشرے میں نظم و ضبط کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ ٹریفک نظام کے قیام کے لیے شہریوں میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، لین ڈسپلن، ٹریفک اشاروں کی پابندی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔ سید ندیم عالم شاہ نے سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی آگاہی سرگرمیوں کو اہم قرار دیا۔
اعزازی قونصل جنرل نے امید ظاہر کی کہ روڈ سیفٹی کے فروغ اور ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی پروگرامز کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں میں قانون پسندی اور ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دے کر حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ سڑکیں اور ذمہ دار شہری ایک مہذب اور منظم معاشرے کی پہچان ہیں۔
