اسلام آباد: وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں عوامی اعتماد کے قیام اور باخبر فیصلوں کے لیے معلومات کا بروقت، مستند اور قابل تصدیق ہونا نہایت ضروری ہے۔
وہ یونیسکو آفس پاکستان کی جانب سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی)، سی پی ڈی آئی اور نیشنل فورم آف انفارمیشن کمشنرز (این ایف آئی سی) کے تعاون سے منعقدہ قومی مکالمے “Access to Information for Enhancing Information Integrity” کے دوران “The Value of Information Integrity: Trust, Journalism and Resilience” کے موضوع پر پینل مباحثے کی صدارت کر رہے تھے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے تیز پھیلاؤ نے معلومات تک رسائی کو وسیع کیا ہے، تاہم اس کے ساتھ غلط معلومات، گمراہ کن مواد اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد جیسے نئے چیلنجز بھی سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ معلوماتی ماحول پر عوام کا اعتماد مضبوط بنانے کے لیے ذمہ دارانہ صحافت، حکومت کی جانب سے بروقت ابلاغ، میڈیا لٹریسی اور مصنوعی ذہانت کا اخلاقی استعمال ناگزیر ہے۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ معلومات کی درستگی اور سالمیت حکومت، پارلیمان، میڈیا، سول سوسائٹی، تعلیمی حلقوں، ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصدقہ معلومات عوام تک بروقت پہنچنی چاہئیں تاکہ معلوماتی خلا کو جھوٹے بیانیوں کے ذریعے استعمال نہ کیا جا سکے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے اس اہم مکالمے کے انعقاد میں یونیسکو، پی آئی ڈی، سی پی ڈی آئی اور این ایف آئی سی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں قابل اعتماد، شفاف اور مضبوط معلوماتی نظام کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانا ضروری ہے۔
